تلنگانہ میں 5 جون سے زمینوں کی مارکیٹ قیمتوں میں اضافہ

وزیر ریونیو پی سرینواس ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ ریاستی کابینہ کے فیصلے کے مطابق تلنگانہ میں زمینوں کی مارکیٹ قیمتوں میں نظرثانی کرتے ہوئے نئی قیمتیں 5 جون سے نافذ کی جا رہی ہیں۔
وزیر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت اور ماہرِ اقتصادیات اروند سبرامنیم کی رپورٹ کی روشنی میں اعلیٰ حکام کی تجاویز و سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسیع پیمانے پر مطالعہ کیا گیا، جس کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں زمینوں کی مارکیٹ صورتحال، رجسٹریشن کی تعداد، اوپن مارکیٹ قیمتوں اور سرکاری ویلیوز کے درمیان موجود فرق کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سائنسی طریقہ کار سے نئی ویلیوز مقرر کی گئی ہیں۔
پی سرینواس ریڈی نے الزام لگایا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے 2021-22 کے دوران بغیر کسی جامع مشق اور سائنسی بنیاد کے صرف چھ ماہ میں دو مرتبہ زمینوں کی قیمتیں بڑھائیں، جبکہ رجسٹریشن چارجز بھی 6 فیصد سے بڑھا کر 7.5 فیصد کر دیے تھے۔



