جنرل نیوز

155 سالہ جشنِ یومِ تاسیس جامعہ نظامیہ کے موقع پر چیرمین لینگویجز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب

155 سالہ جشنِ یومِ تاسیس جامعہ نظامیہ کے موقع پر چیرمین لینگویجز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب

 

حیدرآباد 6جون پریس ریلیز صدر لینگویجز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری وخطیب امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد نے 155 سالہ جشنِ یومِ تاسیس جامعہ نظامیہ کے موقع پربتلایاکہ برصغیر کی علمی، دینی اور روحانی تاریخ میں بعض ادارے ایسے ہوتے ہیں جو محض درسگاہ نہیں بلکہ علم و عرفان کے روشن مینار، تہذیب و تمدن کے محافظ اور ملت کے فکری و روحانی رہنما بن جاتے ہیں۔ ان ہی عظیم اداروں میں ایک درخشاں نام جامعہ نظامیہ حیدرآباد کا ہے، جس نے گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصہ تک علومِ اسلامیہ کی اشاعت، دینی اقدار کے تحفظ اور ملتِ اسلامیہ کی علمی و فکری رہنمائی کا عظیم فریضہ انجام دیا ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج جامعہ نظامیہ اپنے 155 سالہ یومِ تاسیس کا جشن منا رہی ہے۔ یہ صرف ایک تعلیمی ادارے کی سالگرہ نہیں بلکہ علم، تحقیق، دعوت، اصلاح اور خدمتِ دین کی ایک تابندہ تاریخ کا جشن ہے۔ اس عظیم الشان ادارے کی بنیاد رکھنے والےحضرت شیخ الاسلام والمسلمین عارف باللہ الامام الحافظ علامہ محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ علیہ الرحمۃ والرضوان نے ایسے وقت میں اس چراغِ علم کو روشن کیا تھا جب ملتِ اسلامیہ کو علمی و دینی رہنمائی کی شدید ضرورت تھی۔ آپ کی بصیرت، اخلاص اور دینی حمیت نے جامعہ نظامیہ کو ایک ایسا مرکز بنایا جہاں سے ہزاروں علماء، مفتیانِ کرام، خطباء اور داعیانِ دین تیار ہوکر دنیا کے مختلف گوشوں میں اسلام کی روشنی پھیلاتے رہے۔
جامعہ نظامیہ نے نہ صرف علومِ قرآن و حدیث، فقہ و تفسیر اور عربی ادب کی خدمت انجام دی بلکہ اعتدال، رواداری، اخلاقِ حسنہ اور حبِ وطن کے جذبات کو بھی فروغ دیا۔ اس ادارے کے فارغین نے مساجد، مدارس، جامعات، عدالتوں اور مختلف سماجی و دینی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے کر جامعہ کے نام کو عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔
آج جب جامعہ نظامیہ اپنے قیام کے 155 سال مکمل کر رہی ہے تو یہ موقع شکرگزاری، تجدیدِ عہد اور اسلاف کے علمی و روحانی ورثے کو آگے بڑھانے کے عزم کا ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ وہ اس عظیم دینی درسگاہ کو مزید ترقی، استحکام اور قبولیت عطا فرمائے، اس کے شیوخ اساتذہ، منتظمین، طلبہ اور وابستگان کی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور جامعہ نظامیہ کو تا قیامت علم و ہدایت کا سرچشمہ بنائے رکھے۔اسلاف جنھوں نے جامعہ کی تعلیمی فلاحی رفاہی ترقی کے لئے _گرانقدر_ خدمات انجام دیں اور اس عالم سے کوچ کرگئے اللہ تعالیٰ اپنے حبیب پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے وطفیل میں ان قبروں کو انوار و تجلیات سے مامور فرما آمین بحق طہ ویسن صلی اللہ علیہ وسلم
"جامعہ نظامیہ کی 155 سالہ علمی، دینی اور روحانی خدمات ملتِ اسلامیہ کا عظیم سرمایہ اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ
"

متعلقہ خبریں

Back to top button