ایجوکیشن

ڈپٹی ڈی ای او اور ڈائٹ لیکچرز کے تقرراتی امتحانات اردو میں منعقد کرنے کا میوا کا مطالبہ

حیدرآباد، 28 جون (پریس نوٹ): مائناریٹی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن (میوا) کے ضلع نرمل کے صدر شیخ شبیر علی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (Deputy DEO) اور ڈائٹ لیکچررز کی مخلوعہ آسامیوں پر تقررات کے لئے منعقد ہونے والے امتحانات ریاست کی دوسری سرکاری زبان اردو میں بھی تحریر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے۔

 

انہوں نے حیدرآباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ عہدوں پر تقررات کے لئے اعلامیے جاری ہو چکے ہیں اور عنقریب امتحانات منعقد ہونے والے ہیں، لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ ان امتحانات میں ریاست کی دوسری سرکاری زبان اردو کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ہزاروں اردو میڈیم امیدواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 

شیخ شبیر علی نے کہا کہ جب ریاستی حکومت نے اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دے رکھا ہے تو سرکاری تقرراتی امتحانات میں اردو کو شامل نہ کرنا نہ صرف اردو زبان کے ساتھ ناانصافی ہے بلکہ یہ آئینی تقاضوں اور ریاستی پالیسی کے بھی منافی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر ایسی کیا وجوہات ہیں جن کی بنا پر اردو زبان میں امتحان تحریر کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا جا رہا، جبکہ ریاست میں بڑی تعداد میں اردو داں امیدوار موجود ہیں۔

 

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ تمام تقرراتی امتحانات، بالخصوص ڈائٹ لیکچررز، ڈپٹی ڈی ای او اور محکمۂ تعلیم کی دیگر آسامیوں کے امتحانات اردو سمیت تمام مجاز زبانوں میں منعقد کیے جائیں تاکہ اردو میڈیم امیدوار بھی مساوی مواقع سے استفادہ کر سکیں۔

 

انہوں نے اردو داں عوامی نمائندوں، اردو داں دانشوروں، سماجی کارکنوں اور اردو تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس اہم مسئلے پر متحد ہو کر حکومت سے مؤثر نمائندگی کریں اور مطالبہ کریں کہ ریاست کی دوسری سرکاری زبان اردو میں بھی تقرراتی امتحانات منعقد کیے جائیں، تاکہ اردو میڈیم امیدواروں کے ساتھ انصاف ہو اور انہیں بھی مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button