اسپشل اسٹوری

مملکت کا ایک اور ریکارڈ۔ سعودی عرب آئی سی ٹی ڈیویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں پہلے نمبر پر

کے این واصف

مملکت نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور ریکارڈ قائم کیا۔ تازہ آطلاعات کے مطابق سعودی عرب، انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کے آئی سی ٹی ڈیویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں عالمی سطح پر پہلے نمبر پر ہے۔

 

انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین 159 ممالک کی معیشتوں کے دو بنیادی ستونوں ڈیجیٹل ترقی اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سروسز میں پیش رفت کو ٹریک کرتا ہے۔

 

سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق سعودی کمیونیکیشنز، اسپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن نے بیان میں کہا یہ کامیابی جامع اور موثر رابطے کے محاذ پر مملکت کی نمایاں کارکردگی کا نتیجہ ہے۔

 

یہ اعزاز مملکت کی مسلسل ترقی اور آئی سی ٹی سیکٹر کے لیے قیادت کی لامحدود سپورٹ، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان موثر شراکت داری کا نتیجہ ہے۔ اس کے ساتھ مملکت کا مضبوط اور جامع ڈیجیٹل انفرا سٹرکچر اسے مختلف عالمی اشاریوں میں نمایاں مقام دلا رہا ہے۔

 

بیان میں کہا گیا عالمی انڈیکس میں مسلسل سرفہرست رہنا اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ مملکت میں ڈیجیٹل انفرا سٹرکچر اور ضابطہ جاتی ماحول مسلسل ترقی کر رہے ہیں، جس سے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملا ہے۔

 

گزشتہ برس کے اختتام تک مملکت میں ٹیلی کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی مارکیٹ کا حجم بڑھ کر 199 ارب ریال تک پہنچ گیا، جبکہ گزشتہ 5 برسوں میں اس شعبے کی سالانہ شرح نمو 8 فیصد رہی ہے۔

 

سعودی عرب میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی شرح سو فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ موبائل فون کی ملکیت کی شرح بھی سو فیصد ریکارڈ کی گئی۔

 

اس دوران فکسڈ براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 151 میگا بائٹ فی سیکنڈ اور موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 216 میگا بائٹ فی سیکنڈ تک پہنچ گئی۔

 

سعودی عرب نے اپنی تیز رفتار ڈیجیٹل تبدیلی اور عالمی قیادت کو برقرار رکھتے ہوئے آئی سی ٹی ڈیویلپمنٹ انڈیکس میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button