مابعد ایس آئی آر قانونی تیاری کے لیے اے پی سی آر تلنگانہ کا ریاستی سطح پر وکلاء مشاورتی اجلاس
اہل شہریوں کے انتخابی حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی حکمتِ عملی تیارکرنے کے لئے پرعزم

حیدرآباد ۔اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) تلنگانہ کے زیر اہتمام پوسٹ-SIR قانونی تیاری کے سلسلے میں مدینہ ایجوکیشن سنٹر، نامپلی میں ریاستی سطح کا وکلاء مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریاست کے مختلف اضلاع سے ایک سو پچاس سے زائد وکلاء،قانون کی تعلیم حاصل کرنے والیطلبہ، قانونی ماہرین اور سماجی کارکنان نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز اے پی سی آر تلنگانہ کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ محمد عثمان کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جنہوں نے کہا کہ اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن (SIR) کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ قانونی صورتِ حال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ریاست گیر سطح پر مربوط قانونی نظام قائم کرنا ناگزیر ہے۔ اجلاس میں اے پی سی آر بنگال کے نمائندوں نے مغربی بنگال میں SIR کے دوران پیش آنے والے قانونی چیلنجز، عدالتی کارروائیوں اور عملی تجربات سے شرکاء کو آگاہ کیا، جبکہ ایڈوکیٹ آصف انصاری نے آن لائن
خطاب کرتے ہوئے بنگال میں اختیار کی گئی قانونی حکمتِ عملی اور عدالتی مداخلتوں پر روشنی ڈالی۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے سینئر وکیل ایڈوکیٹ وی۔ سودھا ناگراج نے عوام کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے وکلاء کے منظم، متحد اور مربوط کردار کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر متعدد سینئر وکلاء نے اپنے جونیئر ساتھیوں کے ساتھ متاثرہ شہریوں کو اعزازی قانونی خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ لاء کالجوں کے اساتذہ اور طلبہ نے بھی قانونی بیداری، رہنمائی اور تربیتی پروگراموں میں تعاون کی پیشکش کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اے پی سی آر تلنگانہ ریاست بھر میں قانونی سرگرمیوں کی قیادت اور رابطہ کاری انجام دے گی
وکلاء کے درمیان فوری رابطے کے لیے ریاستی واٹس ایپ گروپ قائم کیا جائے گا، ضلع وار وکلاء کے نیٹ ورک تشکیل دیے جائیں گے، مقدمات کی دستاویزات، شواہد اور کیس ٹریکنگ کے لیے مربوط نظام تیار کیا جائے گا، جبکہ عوامی رہنمائی کے لیے فوری طور پر قانونی ہیلپ لائن بھی فعال کی جائے گی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ زیادہ سے زیادہ اہل شہریوں کی فارم جمع کرانے میں فوری مدد کی جائے اور جہاں بھی بی ایل اوز کی غفلت یا ضابطوں کی خلاف ورزی سامنے آئے، اس کا باقاعدہ ریکارڈ محفوظ کیا جائے
تاکہ ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ مزید فیصلہ کیا گیا کہ مناسب انفرادی معاملات میں رِٹ پٹیشن دائر کی جائیں گی اور اے پی سی آر تلنگانہ مؤثر قانونی حکمتِ عملی اختیار کرے گی تاکہ اہل شہریوں کے آئینی، جمہوری اور انتخابی حقوق کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



