انٹر نیشنل

دنیا میں پہلی مرتبہ روبوٹس شادی

نئی دہلی:دنیا میں پہلی بار ایک منفرد شادی کی تقریب منعقد کی گئی اس جیسی تقریب اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

 

اس شادی میں دولہا، دلہن شادی کی رسومات مہمان اور استقبالیہ سب کچھ تھا مگر ایک فرق تھا شادی انسانوں کی نہیں بلکہ دو ہیومنائیڈ روبوٹس کی تھی۔

 

یہ منفرد تقریب روس کے دارالحکومت ماسکو کی پشکن لائبریری میں منعقد ہوئی جہاں دنیا کی پہلی روبوٹ شادی کا اہتمام کیا گیا۔اس تقریب میں رابرٹ نامی روبوٹ نے دولہے اور میٹلڈا نامی روبوٹ نے دلہن کا کردار ادا کیا

 

اور ایک دوسرے کے ساتھ شادی کی علامتی رسومات ادا کیں۔ منتظمین کے مطابق رابرٹ ایک دفتری ملازم اور بلاگر کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ میٹلڈا ایک رقاصہ کے کردار کی نمائندگی کرتی ہے۔

 

دونوں کی عمر یکساں تصور کی گئی ہے اور وہ ایک دوسرے کے ساتھ بہترین ہم آہنگی سے کام کرتے ہیں۔ اسی تصور کی بنیاد پر منتظمین نے ان کی علامتی شادی کا اہتمام کیا۔تقریب کی ایک اور خاص توجہ "ڈاگمیٹک” نامی روبوٹ کتا تھا

 

جس نے شادی کی انگوٹھیاں لا کر حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ حقیقی شادی کی طرح دونوں روبوٹس کو خصوصی عروسی لباس پہنایا گیا اور شادی کی تمام رسمی کارروائیاں انجام دی گئیں۔

 

تاہم منتظمین نے واضح کیا کہ یہ کوئی قانونی شادی نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا مقصد یہ ثابت کرنا نہیں کہ روبوٹس میں انسانوں جیسی جذباتی صلاحیتیں موجود ہیں بلکہ ہیومنائیڈ روبوٹکس میں ہونے والی جدید تکنیکی ترقی کو عوام کے سامنے پیش کرنا تھا۔

 

اس منفرد تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ بعض لوگوں نے اسے مستقبل کی ٹیکنالوجی کی ایک جھلک قرار دے کر سراہا، جبکہ کچھ نے اسے محض ایک تشہیری پروگرام قرار دیا۔

 

بہرحال، دنیا کی اس پہلی روبوٹ شادی نے مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے مستقبل کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button