جرائم و حادثات

شادی سے انکار پر قانون کی طالبہ کا قتل۔ بنگلور میں سنسنی خیز واردات

بنگلور:اپنے عاشق کے بھائی کے حملے کا شکار ہونے والی قانون کی طالبہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ یہ واردات ریاست کرناٹک کے بنگلور میں پیش آئی۔

 

پولیس کے مطابق امرتا نامی قانون کی طالبہ گزشتہ کچھ عرصے سے دھنوش نامی نوجوان سے محبت کرتی تھی۔ دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بعد میں امرتا کو معلوم ہوا کہ دھنوش پہلے سے شادی شدہ ہے

 

اور اس کا ایک بچہ بھی ہے حالانکہ اس کی طلاق ہو چکی تھی۔یہ جاننے کے بعد امرتا نے اس سے بازپرس کی اور اس سے دوری اختیار کر لی ساتھ ہی دھنوش سے شادی کرنے سے انکار کر دیا۔

 

جب یہ بات دھنوش کے بھائی کو معلوم ہوئی تو وہ کوڈی ہلی علاقے میں گیا اور امرتا پر اپنے بھائی سے شادی کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے ہوئے اسے ہراساں کیا۔

 

اس دوران دونوں کے درمیان بحث و تکرار بڑھ گئی جس پر ملزم نے اپنے ساتھ لائے ہوئے چاقو سے امرتا پر حملہ کر دیا۔ مقامی لوگوں نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

 

زخمی طالبہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران چہارشنبہ کے روز اس کی موت ہو گئی۔پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button