سوامی کے آشرم میں گانجہ کی کاشت، پولیس کا دھاوا ۔ تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں کاروائی
وقارآباد : ریاست تلنگانہ ضلع وقارآباد کے ایک سوامی کے آشرم میں گانجہ کی کاشت کیے جانے کا انکشاف ہوا جس پر پولیس نے وہاں دھاوا کیا۔ پولیس نے آشرم کی آڑ میں مبینہ طور پر منشیات کا کاروبار چلانے والے سوامی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
ایکسائز پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ یالال منڈل کے گووند راؤ پیٹ گاؤں کے مضافات میں واقع پپو لال کماوت کے آشرم میں جئے شری رام گیری نامی شخص خفیہ طور پر گانجہ اُگایا جا رہا ہے۔ پولیس نے اس معاملہ میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔
اطلاع ملنے کے بعد ٹاسک فورس کے سرکل انسپکٹر (سی آئی) انور پاشا کی ٹیم نے آشرم پر نظر رکھی اور جمعہ کو اچانک دھاوا کیا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے وہاں گانجہ کے پودے دیکھے۔ دھاوے کے دوران پولیس نے 25 گانجہ کے پودے اور بڑی مقدار میں گانجہ بھی برآمد کیا۔
بعد ازاں ایکسائز کے سب انسپکٹر نظام الدین، یالال کے سب انسپکٹر وٹھل ریڈی اور محکمۂ ریونیو کے حکام کی موجودگی میں قانونی کارروائی مکمل کرکے گانجہ ضبط کرلیا گیا۔پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تفتیش اس پہلو سے بھی کی جا رہی ہے کہ سوامی کے علاوہ اس مبینہ گانجہ کی کاشت میں اور کون کون ملوث تھا۔ اس کارروائی میں رورل اور ٹاؤن کے سرکل انسپکٹرس پروین کمار ریڈی اور پرمیشور بھی شریک تھے۔
دوسری جانب سوامی کی مبینہ حقیقت سامنے آنے کے بعد مقامی لوگوں میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوامی کا کہنا ہے کہ سادھو سنتوں کیلئے
گانجہ کے استعمال پر پابندی نہیں ہے اور وہ پچھلے 11 سال سے گانجہ کا استعمال کررہا ہے۔



