تلنگانہ

ریونت ریڈی کے دہلی دورہ کے ” منٹ ٹو منٹ” پروگرام کا افشاء۔ نیوز پلیٹ فارم کے خلاف کیس درج

حیدرآباد: سوشل میڈیا نیوز پلیٹ فارم "تلگو اسکرائب” کے خلاف چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کے دورۂ دہلی سے متعلق تفصیلات شائع کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ اس خبر کی اشاعت سے چیف منسٹر کی سکیورٹی متاثر ہوئی۔

 

14 جولائی کو خیرت آباد پولیس اسٹیشن میں چیف منسٹر کے چیف سکیورٹی آفیسر کے بی فرینکلن کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی۔شکایت کے مطابق 13 جولائی کو چیف منسٹر کے پرائیویٹ سیکریٹری کی جانب سے مختلف سرکاری محکموں اور سکیورٹی اداروں کو ایک خفیہ وائرلیس پیغام بھیجا گیا تھا

 

جس میں چیف منسٹر کے نئی دہلی کے سرکاری دورے کا منٹ ٹو منٹ پروگرام، زیڈ پلس سیکوریٹی سے متعلق معلومات سکیورٹی انتظامات کی ہدایات، چیف سیکوریٹی آفیسر کا سرکاری موبائل نمبر اور ہنگامی صورتحال کے لیے چیف منسٹر کا بلڈ گروپ شامل تھا۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہی خفیہ دستاویز بعد میں بغیر اجازت تلگو اسکرائب کی جانب سے سوشل میڈیا پر شائع کر دی گئی

 

جس کے نتیجے میں حساس سکیورٹی معلومات عام لوگوں تک پہنچ گئیں۔شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ خفیہ دستاویز یا تو غیر مجاز رسائی کے ذریعے حاصل کی گئی یا پھر سرکاری نظام کے اندر سے کسی نے غیر قانونی طور پر فراہم کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائے اور ان تمام افراد کی نشاندہی کی جائے جو اس خفیہ معلومات کے افشاء ہونے میں ملوث ہیں۔

 

تلگو اسکرائب نے اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر طنزیہ انداز میں لکھا "بریکنگ نیوز: ریونت ریڈی نے تلگو اسکرائب کو ایک اور تمغہ دیا ہے۔ دہلی کے دوروں کی گنتی کرنے پر ہمارے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔ شاید ریونت ریڈی ملک کے پہلے ایسے وزیرِ اعلیٰ ہیں جنہوں نے اپنے دوروں پر خبر لکھنے کی وجہ سے کسی نیوز پلیٹ فارم کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔

 

متنازع پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 13 جولائی کو وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی نئی دہلی کا اپنا 73واں دورہ کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button