500 روپے گم ہونے پر ٹیچر نے طالبات کے کپڑے اتروا کر تلاشی لی۔ راجستھان میں شرمناک واقعہ
نئی دہلی: راجستھان میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک سرکاری اسکول کی خاتون ٹیچر نے اپنے 500 روپے کے نوٹ کے گم ہونے پر طالبات کی تلاشی لینے کے لیے ان کے کپڑے اتروا دیے۔
مزید یہ کہ جس طالبہ نے ایسا کرنے سے انکار کیا اس سے کہا گیا کہ وہ 500 روپے دے کر جا سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ راجستھان کے ضلع سوائی مادھوپور کے ایک سرکاری سیکنڈری اسکول میں پیش آیا۔
سَرسوتی مینا نامی ٹیچر نے دعویٰ کیا کہ اس کے 500 روپے گم ہو گئے ہیں۔ چونکہ وہ نویں اور گیارہویں جماعت کی طالبات کو پڑھاتی تھیں اس لیے انہیں شبہ ہوا کہ انہی کلاسوں کی کسی طالبہ نے رقم لی ہوگی۔
ٹیچر نے صرف طالبات کے بیگ اور پرس ہی نہیں بلکہ ان کے کپڑے بھی اتروا کر تلاشی لی جس پر شدید تنازع پیدا ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق جن طالبات نے کپڑے اتارنے سے انکار کیا انہیں کہا گیا کہ
اگر وہ 500 روپے ادا کر دیں تو جا سکتی ہیں۔بعد ازاں طالبات نے گھر جا کر اپنے والدین کو اس بات کی اطلاع دی ۔ والدین نے اسکول کے باہر احتجاج کیا اور پرنسپل سے شکایت درج کروائی۔
معاملہ اعلیٰ حکام تک پہنچنے کے بعد متعلقہ ٹیچر کو معطل (سسپنڈ) کر دیا گیا۔یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ متعلقہ ٹیچر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔



