حیدرآباد کے پرانے شہر کے فاسٹ فوڈ سنٹرس اور ہوٹلس پر دھاوے۔ 80 کیلو چکن ضبط

حیدرآباد ۔ حیدرآباد کے چندرائن گٹہ میں حیدرآباد فاسٹ نے چند ہوٹلس اور فاسٹ فوڈ سنٹرس پر دھاوے کرتے ہوئے 80 کلو چکن ضبط کرلیا۔ اس کارروائی میں تین افراد کے خلاف دو مقدمات درج کئے گئے۔
یہ کارروائی جی ایچ ایم سی کے فوڈ سیفٹی افسر کے ساتھ مشترکہ طور پر کی گئی۔ عہدیداروں نے انتہائی غیر حفظانِ صحت حالات میں کھانا تیار کئے جانے کا پتہ چلایا۔ مراکز میں دوبارہ استعمال شدہ کوکنگ آئل اور مصنوعی فوڈ کلرز بھی استعمال کئے جارہے تھے۔
حکام کے مطابق کیڑوں پر قابو پانے کے انتظامات نہیں کئے گئے، پانی کے تجزیہ کے سرٹیفکیٹس اور فوڈ سیفٹی سے متعلق دیگر ضروری ریکارڈ بھی موجود نہیں تھے۔ کارروائی کے دوران 20 لیٹر استعمال شدہ کوکنگ آئل، 10 لیٹر تازہ کوکنگ آئل، 40 کلو فرائیڈ چکن، 40 کلو کچا رنگ ملا چکن اور مصنوعی فوڈ کلرز کے 3 ڈبے اور 6 پیکٹ ضبط کئے گئے۔
ضبط شدہ اشیا کو مزید قانونی کارروائی کے لئے چندرائن گٹہ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔




