جرائم و حادثات

بے رحم شخص نے 18 دن کے بیٹے کا قتل کردیا۔ تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں دل دہلا دینے والا واقعہ

سنگاریڈی: تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے جوگی پیٹ میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر ایک باپ نے اپنے 18 روزہ نومولود بچے کو زمین پر پٹخ کر ہلاک کر دیا۔

 

سرکل انسپکٹر انیل کمار کے مطابق جوگی پیٹ کے رہائشی کرشنا اور گورامّاں نے ارکان خاندان کی مخالفت کے باوجود پسند کی شادی کی تھی۔ گزشتہ کئی دنوں سے دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے ہو رہے تھے۔

 

پولیس کے مطابق ہفتہ کی صبح بھی دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اس دوران کرشنا نے دودھ پیتے ہوئے نومولود کو ماں کی گود سے چھین لیا اور پہلے اس کے گالوں پر تھپڑ مارے۔

 

جب گورامّاں نے پولیس میں شکایت درج کروانے کی دھمکی دی تو مبینہ طور پر غصے میں آ کر کرشنا نے بچے کو زمین پر زور سے پٹخ دیا۔گورامّاں کے چیخنے چلانے پر کرشنا موقع سے فرار ہو گیا۔

 

شدید زخمی بچے کو فوری طور پر جوگی پیٹ کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج فوت ہو گیا۔ پولیس نے کرشنا کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button