ساتھی کا قتل، بنگلورو کے تاجر کو حیدرآباد کی عدالت نے سنائی عمر قید کی سزا

حیدرآباد: راجندر نگر کی ایک مقامی عدالت نے جمعہ کے روز 2017 میں عطاپور علاقے میں پیش آنے والے قتل کیس میں بنگلورو کے ایک چمڑے کے تاجر کو عمر قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے مجرم نثار احمد کو 15 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔پولیس کے مطابق نثار احمد اور مقتول نصیر احمد نے اپریل 2017 میں سنتوش نگر کالونی کے ساجد ریزیڈنسی میں ایک فلیٹ کرائے پر لیا تھا۔
چند دن بعد فلیٹ کے چوکیدار کو بند مکان سے بدبو آنے لگی جب فلیٹ کھولا گیا تو باتھ روم سے مقتول کی مسخ شدہ نعش برآمد ہوئی۔ مقتول کے سر پر چوٹ کے نشانات تھے اور اس کے گلے میں رسی بندھی ہوئی تھی۔
پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مبینہ طور پر نثار احمد نے کاروباری تنازع کے باعث اپنے ساتھی کو قتل کیا اور فلیٹ کو باہر سے بند کر کے فرار ہو گیا تھا۔بعد ازاں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
عدالت نے شواہد اور تحقیقات کی بنیاد پر اسے قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔



