طلبہ کے احتجاج کی حمایت پر سلمان خان کے خلاف تنقیدیں

نئی دہلی: نیٹ امتحان کے پرچہ لیک ہونے کے تنازع پر احتجاج کرنے والے طلبہ کی بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ لیک ہونا ایک نہایت سنگین مسئلہ ہے۔
سلمان نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں امید ظاہر کی کہ طلبہ کی پُرامن تحریک کے ذریعے ملک میں ایک بہتر تعلیمی نظام قائم ہوگا۔تاہم اس بیان کے بعد سلمان خان کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ماضی میں وہ اپنے والد سلیم خان کے ساتھ ایک ٹاک شو میں شریک ہوئے تھے جہاں انہوں نے امتحانی پرچہ لیک کے موضوع پر مذاق کیا تھا۔ اب اسی پروگرام کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔
اس ٹاک شو میں سلیم خان نے کہا "ہمارے گھر ایک شخص آیا کرتا تھا جس کا نام گنیش تھا۔ جب بھی وہ آتا، سب اس کی بہت عزت کرتے، کہتے چائے لاؤ، کرسی دو۔ میں نے پوچھا کہ یہ شخص کون ہے؟
بعد میں معلوم ہوا کہ وہ ہمارے گھر والوں کو امتحان کے سوالیہ پرچے لیک کر کے دیتا تھا، اسی لیے اس کی اتنی خاطر مدارت کی جاتی تھی۔”اس پر سلمان خان نے ہنستے ہوئے کہا "میرے والد میرے ہی بارے میں بات کر رہے ہیں۔”
یہ پرانی ویڈیو اب دوبارہ وائرل ہو رہی ہے، جس کے بعد بعض لوگ سلمان خان کے اس مذاق کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔دوسری جانب نیٹ پرچہ لیک کا معاملہ دن بہ دن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
اس مسئلے پر شروع ہونے والے احتجاج کو اپوزیشن جماعتوں اور فلمی شخصیات کی بھی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ اس معاملے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے ایک فاسٹ ٹریک عدالت قائم کی جائے گی۔



