انٹر نیشنل

نئے سفیر ہند برائے سعودی عرب شری وپل نے ریاض میں اپنے عہدہ کاجائزہ حاصل کرلیا

کے این واصف

شری وپل IFS متعین سفیر ہند برائے سعودی عرب نے ریاض ایمبیسی میں اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کرلیا۔ ایمبیسی آف انڈیا ریاض کی سائٹ پر جاری اطلاع کے مطابق اس موقع پر شری وپل کو مبادکباد دی گئی اور سعودی عرب ان کی کامیاب معیاد کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیاگیا۔ شری وپل کا سعودی عرب میں بحیثیت سفیر متعین کیا جانا ایک تاریخی فیصلہ ہے۔

 

شری وپل (IFS 1998) ریاض آنے سے قبل ریاست قطر بحیثیت سفیر ہند خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ ریاض میں ڈاکٹر سہیل اعجاز خان کے جانشین ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر سہیل کے معیاد کی تکمیل پر ان کا تبادلہ وزارت خارجہ ہند کے ہیڈ کواٹر دہلی کیاگیاہے۔ مسٹر وپل سفارتی خدمات کا ایک طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ اگسٹ 2023 سے قطر مین ہندوستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

 

مسٹر وپل نے 1994 میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹکنالوجی دہلی سے میکانیکل انجینئرنگ میں گریجویشن کیا۔ بعدازاں انھوں نے انڈین اسکول آف بزنس سے 2008 میں MBA کی تکمیل کی۔ انھوں نے 1998 میں انڈین فارن سروس میں شمولیت کے بعد قاہرہ، کولمبو، جنیوا اور دبئی میں ہندوستانی سفارتی مشنز میں مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ اپنے سفارتی کیریئر کے دوران وہ سیاسی و تجارتی تعلقات، ترقیاتی تعاون، اسلحہ میں تخفیف، بین الاقوامی سلامتی اور میڈیا امور جیسے اہم شعبوں سے وابستہ رہے۔

 

وہ وزارتِ خارجہ، نئی دہلی میں 2014 سے 2017 تک وزیرِ خارجہ کے دفتر میں ڈائریکٹر اور بعد ازاں جوائنٹ سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد 2017 سے 2020 تک دبئی میں ہندوستان کے قونصل جنرل مقرر کئے گئے، جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہندوستانی برادری کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

 

مسٹر وپل 2020 سے 2023 کے دوران وزارتِ خارجہ میں جوائنٹ سیکریٹری (خلیجی امور) کے منصب پر فائز رہے اور خلیجی ممالک کے ساتھ ہندوستان کے سفارتی تعلقات کی نگرانی کرتے رہے۔ خلیجی خطے سے متعلق ان کا وسیع تجربہ سعودی عرب میں ان کی نئی ذمہ داریوں میں یقینی طور پر معاون ثابت ہوگا۔ قطر میں اپنے دورِ سفارت کے دوران مسٹر وپل نے تجارت، توانائی، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے ہمیشہ اعلیٰ سطحی روابط اور اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ہندوستان اور قطر کے تعلقات مزید مضبوط ہو سکیں۔

 

سفارتی مبصرین کے مطابق مسٹر وپل کی تقرری دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور بڑھتے ہوئے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے ہندوستان کے عزم کی عکاس ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button