دہلی سے حیدرآباد آنے والے مسافر کے بیاگ سے نکلی بندر کی کھوپڑی

نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک خوفناک واقعہ پیش آیا۔ حیدرآباد جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کے ہینڈ بیگ کی تلاشی کے دوران اس میں بندر کی کھوپڑی برآمد ہوئی جس سے ایئرپورٹ پر ہلچل مچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق مسافر دہلی سے حیدرآباد جانے والی پرواز میں سوار ہونے کے لیے ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ پرواز میں سوار ہونے سے قبل سیکیورٹی اہلکار مسافروں کے سامان کی جانچ کر رہے تھے۔ اسی دوران اس مسافر کے بیاگ میں ایک مشتبہ چیز نظر آئی
۔سیکیورٹی اہلکاروں نے بیگ کھول کر تفصیلی تلاشی لی تو اس میں ایک کھوپڑی موجود تھی۔ جب اہلکاروں نے اس کے بارے میں پوچھ گچھ کی تو مسافر نے اعتراف کیا کہ وہ بندر کی کھوپڑی ہے۔جنگلی جانور کے جسم کے اعضا کو بغیر اجازت ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا قانوناً جرم ہے۔
اس لیے سی آئی ایس ایف کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو حراست میں لے لیا اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اسے مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس نے مسافر کے خلاف وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس اب اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ وہ بندر کی کھوپڑی کہاں سے لایا تھا اور اسے حیدرآباد کیوں لے کر جا رہا تھا۔




