جرائم و حادثات

آپ کا ایس آئی آر فارم مسترد ہوگیا، الیکشن کمیشن کے نام سے فرضی میسیج

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف الکٹورل آفیسر کے علم میں آیا ہے کہ سائبر جرائم پیشہ افراد الیکشن کمیشن آف انڈیا کے نام کا استعمال کرتے ہوئے ووٹروں کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔حکام کے مطابق کئی افراد کو ایسے نقلی پیغامات موصول ہو رہے ہیں

 

جن میں کہا جا رہا ہے کہ ووٹر شناختی کارڈ اور اینیومریشن فارم میں درج معلومات آپس میں مطابقت نہیں رکھتے اس لیے ان کے فارم مسترد کر دیے گئے ہیں۔

 

ان پیغامات میں ایک مخصوص نمبر پر کال کرنے یا واٹس ایپ کے ذریعے بھیجے گئے لنک کو کھولنے کی ہدایت کی جا رہی ہے اس کے بعد نیٹ بینکنگ یا کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے 5 روپے ادا کرکے فارم دوبارہ بھرنے کو کہا جاتا ہے۔

 

حکام نے بتایا کہ اس عمل کے ذریعے سائبر مجرم بینکنگ لاگ اِن کی تفصیلات، پاس ورڈ، کارڈ کا CVV نمبر اور ATM PIN جیسی انتہائی خفیہ معلومات حاصل کرکے مالی فراڈ کر رہے ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے واضح کیا ہے کہ

 

الیکشن کمیشن آف انڈیا یا تلنگانہ چیف الکٹورل آفیسر کا دفتر اس طرح کے پیغامات یا لنکس کے ذریعے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کرتا اور نہ ہی ذاتی بینکنگ معلومات طلب کرتا ہے۔ووٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ای سی آئی یا سی ای او کے نام سے آنے والے مشکوک پیغامات اور فون کالز سے انتہائی محتاط رہیں

 

ان پر کسی صورت بھروسہ نہ کریں اور کوئی جواب نہ دیں۔اگر کسی شخص کو ایسا کوئی مشتبہ پیغام یا کال موصول ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے کی اپیل کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button