بھوتوں کا خوف 600 سے زیادہ لڑکیوں نے ہاسٹل چھوڑ دیا۔ مہاراشٹرا میں واقعہ

Imagination picture
ممبئی: مہاراشٹرا کے امراوتی ضلع میں بھوتوں کی موجودگی کی افواہوں کے باعث سرکاری بورڈنگ ہاسٹل سے 608 طلبہ چلے گئے۔
ڈوما سرکاری بورڈنگ ہاسٹل میں کچھ طالبات نے شکایت کی کہ رات کے وقت وہاں عجیب و غریب اور خوفناک آوازیں سنائی دیتی ہیں۔ہاسٹل میں بھوتوں کی موجودگی کی افواہیں پھیلنے کے بعد طلبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا،
جس کے نتیجے میں سیکڑوں طلبہ ہاسٹل چھوڑ کر اپنے گھروں کو چلے گئے۔تاہم ہاسٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ ذہنی صحت سے متعلق مسئلہ ہے۔ شکایت کرنے والی طالبات کو ماہرِ نفسیات کے پاس لے جایا گیا
جہاں ان کا معائنہ کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا کہ طالبات شدید نوعیت کی ہسٹیریا جیسی کیفیت کا سامنا کر رہی ہیں اور انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے سے متعلق افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔ طلبہ کے خوف کو کم کرنے اور ان کی تعلیم متاثر نہ ہونے دینے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



