سائبر جرائم سے بچاؤ کے لیے عوام میں بیداری اور احتیاط ضروری: ناراین پیٹ ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت آئی پی ایس
اے پی کے فائلوں اور نامعلوم ویب سائٹس سے محتاط رہیں
سائبر جرائم سے بچاؤ کے لیے عوام میں بیداری اور احتیاط ضروری: ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت آئی پی ایس
نارائن پیٹ: 16 اگست (اردو لیکس): ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت آئی پی ایس نے عوام کو سائبر جرائم سے محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بیداری اور احتیاط کے ذریعے سائبر جرائم کا شکار ہونے سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر مجرم انویسٹمنٹ فراڈ، لون فراڈ، یو پی آئی فراڈ، اے پی کے فائلز، جعلی ویب سائٹس اور اسٹاک مارکیٹ فراڈ جیسے نئے طریقوں سے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔
ایس پی نے کہا کہ واٹس ایپ، ٹیلی گرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے موصول ہونے والی نامعلوم اے پی کے فائلز کو ہرگز ڈاؤن لوڈ یا انسٹال نہ کریں، کیونکہ ان کے ذریعے موبائل فون کا کنٹرول سائبر مجرموں کے ہاتھوں میں جانے کا خطرہ رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انویسٹمنٹ فراڈ میں سائبر مجرم اپنی جعلی ویب سائٹس یا ایپس پر سرمایہ کاری کی گئی رقم سے زیادہ منافع دکھاتے ہیں،
تاہم رقم واپس لینے کی کوشش پر مختلف بہانے بنا کر رقم نکالنے نہیں دیتے۔ انہوں نے نوجوانوں سمیت تمام عوام کو ایسے جھوٹے وعدوں اور لالچ سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی۔ ایس پی ڈاکٹر وینیت نے کہا کہ اگر کوئی شخص سائبر فراڈ کا شکار ہوجائے تو وقت ضائع کیے بغیر ’گولڈن آور‘ کے دوران قومی سائبر کرائم ہیلپ لائن نمبر 1930 پر اطلاع دے یا سائبر کرائم پورٹل پر شکایت درج کرے۔
بروقت اطلاع دینے سے رقم کی واپسی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ ضلع بھر میں سائبر جرائم کے خلاف عوامی بیداری کے پروگرام بڑے پیمانے پر منعقد کیے جائیں اور عوام کو جدید سائبر فراڈ کے طریقوں سے آگاہ کیا جائے



