جنرل نیوز

تعمیر ملت کے زیر اہتمام 77 ویں یومِ رحمتِ للعالمین ﷺ کی تیاریاں حتمی مرحلے میں

حیدرآباد، 16 اگست 2026: کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیرِ اہتمام نمائش میدان میں منعقد ہونے والے 77ویں عظیم الشان جلسۂ یومِ رحمتِ للعالمین ﷺ و یومِ صحابہؓ کی تیاریوں کے سلسلے میں مجلسِ استقبالیہ کا پانچواں اجلاس مدینہ منشن، نارائن گوڑہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر مجلسِ استقبالیہ انجینئر خواجہ فرید شرفی نے کی، جبکہ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت سید ایوب حسینی نے بطورِ خاص شرکت کی۔

 

اجلاس کا آغاز قاری محمد سلمان کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جبکہ ڈاکٹر عبدالرحمن نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی۔ معتمدِ استقبالیہ رضی الدین نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پیش کی۔صدرِ اجلاس انجینئر خواجہ فرید شرفی نے کہا کہ یومِ رحمتِ للعالمین ﷺ کا آغاز بانیِ تنظیم قائدِ محترم سید خلیل اللہ حسینیؒ کے عظیم مشن کے تحت ہوا تھا، جس کا مقصد امت کو سیرتِ نبوی ﷺ اور محبتِ رسول ﷺ سے جوڑنا ہے۔

 

انہوں نے اراکین سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری کو عبادت سمجھ کر ادا کریں اور کم از کم پانچ مساجد کا دورہ کرکے ائمہ و خطباء کو جلسہ کی دعوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ منبر سے دعوت دی جائے تو ان شاء اللہ نمائش میدان میں لاکھوں عاشقانِ رسول ﷺ جمع ہوں گے۔

 

نائب صدرِ تنظیم ڈاکٹر یوسف حامدی نے سووینئر کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر کے علماء و ادباء کے مضامین موصول ہوچکے ہیں اور اشتہارات کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سووینئر رواں ہفتے طباعت کے لیے بھیج دیا جائے گا۔نائب معتمدِ عمومی محمد سیف الرحیم قرشی نے اراکین سے بھرپور تشہیر اور اپنے خاندان و محلوں کے ساتھ جلسہ میں شرکت کی اپیل کی۔

 

معتمدِ عمومی عمر احمد شفیق نے بتایا کہ جلسہ کی اجازت کے لیے درخواستیں داخل کردی گئی ہیں اور متعلقہ حکام سے مثبت پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمان مقررین سے تقریباً تصدیق ہوچکی ہے اور ایک دو روز میں مکمل پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔

 

اجلاس میں خواجہ قطب الدین، عظمت اللہ صدیقی، عبید الرحیم قرشی، محمد علی سلیم، قاری محمد سلمان، محمد فرحان اور محمد عبداللطیف سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی اور تجاویز پیش کیں۔ آخر میں رضی الدین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button