نارائن پیٹ میں میلاد النبی ﷺ کا عظیم الشان جلوس، ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت

نارائن پیٹ میں میلاد النبی ﷺ کا عظیم الشان جلوس، ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت
نارائن پیٹ میں مرکزی میلاد کمیٹی کے زیراہتمام بدھ 26 اگست کو میلاد النبی ﷺ کا عظیم الشان جلوس نکالا گیا۔ جلوس کا آغاز صبح 11 بجے لعل مسجد کے میدان سے ہوا، جو شہر کی مختلف اہم شاہراہوں سے گزرتا ہوا درگاہ حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادریؒ پر اختتام پذیر ہوا۔ درگاہ پر فاتحہ خوانی کی محفل منعقد کی گئی۔
جلوس کی سرپرستی سجادہ نشین بارگاہ تقی باباؒ سید شاہ غیاث الدین قادری نے کی۔ جلوس میں نارائن پیٹ کے علاوہ اطراف و اکناف کے قصبوں سے بڑی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی۔ جلوس کے اختتام پر درگاہ تقی باباؒ میں شرکاء کے لیے طعام کا بھی انتظام کیا گیا۔
اس موقع پر ٹاؤن کے سنٹرل چوک پر مرکزی میلاد کمیٹی کی جانب سے شامیانہ نصب کیا گیا تھا، جہاں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت، ایڈیشنل ایس پی ریاض الحق، ٹی پی سی ممبر ابھیجئے ریڈی، رکن اسمبلی کے پی اے مادھو ریڈی، بلدیہ چیئرمین ستہ یادو، سدرشن ریڈی، سابق مارکیٹ کمیٹی چیئرمین بنڈی وینو گوپال، بلدی ارکان محمد تقی چاند، وینکو گوڑ، بھرت، راجیش اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت نے مسلمانوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد پیش کی، جبکہ دیگر قائدین نے بھی خطاب کرتے ہوئے میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دی۔ مرکزی میلاد کمیٹی کی جانب سے مہمانوں کی تہنیت پیش کی گئی۔
اس موقع پر جانشین سجادہ حافظ سید محمد تقی رابع قادری، مولانا فاروق بن مخاشن نظامی، میلاد کمیٹی کے صدر عبدالسلیم ایڈوکیٹ، امیرالدین ایڈوکیٹ، جامع مسجد کے صدر محمد رفیق چاند، محمد تقی مؤذن، محمود قریشی اور دیگر موجود تھے۔
واضح رہے کہ ربیع الاول کے آغاز سے ہی نارائن پیٹ میں سیرت النبی ﷺ اور حیاتِ طیبہ کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف مقامات پر میلاد کی محافل اور سیرت النبی ﷺ کے جلسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جلوس میلاد النبی ﷺ بھی انتہائی عقیدت و احترام اور پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔



