نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی تقریب کی مخالفت کردی – کہا میں آر ایس ایس کی ریالی کی تائید نہیں کرتا
نیویارک میں موہن بھاگوت کی تقریب کی مخالفت، میئر زہران ممدانی نے کہا: شہر کو نجی تقریب منسوخ کرنے کا اختیار معلوم نہیں
نئی دہلی: نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کی 29 اگست کو میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہونے والی مجوزہ تقریب کی مخالفت کردی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ شہر کے پاس کسی خانگی تقریب کو منسوخ کرنے کا قانونی اختیار ہے یا نہیں۔
موہن بھاگوت اس تقریب سے خطاب کریں گے، جس میں بھارتی نژاد تقریباً 5 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ان کا دورۂ امریکہ آر ایس ایس کے قیام کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر جاری عالمی رابطہ مہم کا حصہ ہے۔
منگل کو پریس کانفرنس کے دوران ممدانی سے آر ایس ایس، مجوزہ تقریب اور بھاگوت کی شرکت کے خلاف ہونے والے احتجاج کے بارے میں سوال کیا گیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں اس ریالی کی تائید نہیں کرتا، لیکن مجھے نہیں معلوم کہ کسی خانگی تقریب کو منسوخ کرنے کا اختیار شہر کے پاس ہے یا نہیں۔‘‘
نیویارک کے پہلے بھارتی نژاد امریکی میئر ممدانی نے کہا کہ بھارت کے بارے میں ان کی سوچ پر ان کے خاندانی پس منظر کا بھی اثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کا خاندان اب بھی بھارت میں مقیم ہے۔
ممدانی کے مطابق، ’’میرے خاندان نے مجھے بھارت کا جو تصور دیا اور جس ماحول سے میں واقف ہوا، وہ ایک کثیرالمذاہب معاشرے اور سیکولر جمہوریہ کا تھا، جہاں بھارت سے تعلق رکھنے والے ہر شخص کو برابری کے ساتھ اپنائیت حاصل ہو۔‘‘
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کے بارے میں اخراج اور تفریق پر مبنی نظریے والی تحریک کا بڑھنا ان کے لیے انتہائی تشویش ناک ہے اور وہ ایسی سوچ کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔
ممدانی نے کہا کہ وہ نہ صرف ایک بھارتی نژاد امریکی کی حیثیت سے بلکہ نیویارک کے میئر کی حیثیت سے بھی اس سوچ کے مخالف ہیں، کیونکہ نیویارک ایسا شہر ہے جہاں ہر رنگ، نسل، مذہب اور عقیدے سے تعلق رکھنے والے افراد کو برابر کی جگہ حاصل ہے۔




