حیدرآباد میں اب رات بھر چلیں گی سٹی بسیں

حیدرآباد: شہریوں کو مزید بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹی جی آر ٹی سی کی جانب سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اب تک شہر میں آر ٹی سی بسیں رات 11 یا 12 بجے تک چلتی تھیں تاہم آر ٹی سی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب سٹی بسیں رات بھر چلائی جائیں گی۔
یہ بسیں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک بسیں چلائی جائیں گی۔ اس فیصلہ پر یکم ستمبر سے عمل آوری ہوگی۔اس سلسلے میں آر ٹی سی نے ان روٹس کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے جہاں سے رات کے اوقات میں سٹی بس سروس دستیاب ہوگی۔
ابتدائی طور پر پائلٹ پروجیکٹ کے تحت چھ روٹس پر بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
سکندرآباد – کونڈاپور
باچوپلی – ویو راک
سکندرآباد – حیات نگر
کوٹھی – پٹن چیرو
کوٹھی – ہائی ٹیک سٹی
سکندرآباد – پٹن چیرو
رات کے اوقات میں اپنی منزل تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنے والے مسافروں کو اب بڑی راحت ملنے کی امید ہے۔اگر یہ پائلٹ پروجیکٹ کامیاب رہا تو آر ٹی سی انتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ حیدرآباد کے پورے شہر میں رات کے اوقات میں بھی سٹی بس سروس شروع کی جائے۔



