این ایچ 44 پر فلائی اوور کی تعمیر – جلد سروے، تکنیکی جائزہ کے بعد تعمیراتی اقدامات کا تیقن: محمد علی شبیر، ایم پی سریش شیٹکر کی این ایچ اے آئی حکام سے نمائندگی

دومکنڈہ، بی بی پیٹ عوام کو بڑی راحت کی امید،این ایچ۔44 پر بیسک کے مقام پر فلائی اوور کی تعمیر کے لیے این ایچ اے آئی کا مثبت ردِعمل
جلد سروے، تکنیکی جائزے کے بعد تعمیراتی اقدامات کا تیقن: محمد علی شبیر، ایم پی سریش شیٹکر کی این ایچ اے آئی حکام سے نمائندگی
کاماریڈی، 29 اگست (سید کوثر علی)دومکنڈہ اور بی بی پیٹ منڈلوں کے علاوہ اطراف کے مواضعات کے عوام کو این ایچ۔44 عبور کرنے میں درپیش مشکلات کا مستقل حل تلاش کرنے کی سمت اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ بیسک کے مقام پر فلائی اوور کی تعمیر کے لیے این ایچ اے آئی حکام نے مثبت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے جلد سروے کرنے اور تکنیکی امور کا جائزہ لینے کے بعد ضروری اقدامات شروع کرنے کا تیقن دیا ہے۔
مقامی عوام نے این ایچ۔44 پر آمدورفت کے دوران پیش آنے والی دشواریوں کو حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کے علم میں لاتے ہوئے بیسک کے مقام پر فلائی اوور تعمیر کرنے کی نمائندگی کی تھی۔اس سلسلہ میں حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے ظہیرآباد کے رکن پارلیمنٹ سریش کمار شیٹکر کے ہمراہ جمعہ کو این ایچ۔44 پر بیسک علاقہ کا دورہ کیا۔ دونوں قائدین نے این ایچ اے آئی حکام کے ساتھ مجوزہ فلائی اوور کی جگہ کا معائنہ کیا اور مقامی عوام کو درپیش مسائل سے واقف کروایا۔اس موقع پر محمد علی شبیر اور ایم پی سریش کمار شیٹکر نے کہا کہ دومکنڈہ، بی بی پیٹ اور اطراف کے مواضعات کے عوام کو این ایچ۔44 عبور کرنے میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ عوام کی سہولت اور محفوظ آمدورفت کے لیے بیسک کے مقام پر فلائی اوور کی تعمیر ناگزیر ہے۔این ایچ اے آئی حکام نے قائدین کی نمائندگی پر مثبت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جلد متعلقہ مقام کا سروے کیا جائے گا۔ سروے کے بعد تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لے کر فلائی اوور کی تعمیر کے لیے ضروری کارروائی شروع کی جائے گی۔
فلائی اوور کی تعمیر سے دومکنڈہ، بی بی پیٹ اور اطراف کے مواضعات کے عوام کو آمدورفت میں بڑی سہولت حاصل ہوگی۔ سفر کا وقت کم ہونے کے ساتھ این ایچ۔44 پر سڑک کی حفاظت اور ٹریفک کے نظم میں بھی بہتری متوقع ہے۔
اس موقع پر این ایچ اے آئی حکام، کانگریس قائدین، مقامی عوامی نمائندے، کارکنان اور دومکنڈہ، بی بی پیٹ علاقوں کے عوام موجود تھے



