کاماریڈی کے ہر وارڈ کو 6 لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈز، بلدیہ کے ہنگامی اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے کو متفقہ منظوری

کاماریڈی کے ہر وارڈ کو 6 لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈز، بلدیہ کے ہنگامی اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے کو متفقہ منظوری
شہری ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے: ایڈیشنل لوکل باڈیز کلکٹر این۔ وائی۔ گری

کاماریڈی، 29 اگست (سید کوثر علی کی رپورٹ):کاماریڈی میونسپلٹی کے ماہ اگست کے ہنگامی کونسل اجلاس میں شہر کے ہر وارڈ کے لیے 6 لاکھ روپے فی وارڈ کے حساب سے ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کی تجویز کو کونسل اراکین نے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ ان فنڈز سے ہر وارڈ میں عوام کی ضرورت کے مطابق مختلف ترقیاتی کام انجام دیے جائیں گے۔ہفتہ کو کاماریڈی میونسپلٹی کے اجلاس ہال میں ہنگامی کونسل اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت میونسپل چیئرپرسن اِپّا اُمارانی اور وائس چیئرپرسن کاسرلہ گوداوری نے کی۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 9 ایجنڈا نکات کونسل اراکین کے سامنے پیش کیے گئے، جن پر تفصیلی غور و خوض کے بعد تمام نکات کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔اس موقع پر شہر کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور میونسپلٹی سے متعلق مختلف امور پر اراکین نے تبادلہ خیال کیا۔
خاص طور پر ہر وارڈ کے لیے 6 لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، جس کے تحت متعلقہ وارڈز میں ضروری ترقیاتی کام انجام دیے جائیں گے۔ایڈیشنل لوکل باڈیز کلکٹر این۔ وائی۔ گری نے کہا کہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے منصوبہ بند انداز میں ترقیاتی کام انجام دیے جائیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وارڈ کی سطح پر عوام کی ضروریات کی نشاندہی کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر کام مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے ترقیاتی کاموں میں معیاری اصولوں کی پابندی اور مقررہ مدت میں کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ شہری ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہوئے میونسپل حدود میں ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر، کونسل اراکین، کوآپشن اراکین، ڈپٹی انجینئر، ٹاؤن پلاننگ افسر، میونسپل اسسٹنٹ انجینئر سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی



