خصوصی جامع نظرثانی: نظام آباد میں 4.32 لاکھ سماعت کے نوٹس تیار، تقسیم میں تیزی لانے کی ہدایت

خصوصی جامع نظرثانی: نظام آباد میں 4.32 لاکھ سماعت کے نوٹس تیار، تقسیم میں تیزی لانے کی ہدایت
نظام آباد: 29 اگست (اردو لیکس) چیف الیکشن آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے حیدرآباد سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تمام اضلاع کے کلکٹرس اور متعلقہ سینئر عہدیداروں کے ساتھ ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے رائے دہندوں کو سماعت کے نوٹس کی تقسیم اور سماعت کے عمل کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
چیف الیکشن آفیسر نے عہدیداروں سے کہا کہ میپنگ لسٹ میں شامل رائے دہندگان اور جن کے ریکارڈ میں کسی طرح کی بے ضابطگی پائی گئی ہے، انہیں نوٹس کی بروقت تقسیم یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے تعاون سے SIR کے عمل کو کامیاب بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ای آر اوز اور اسسٹنٹ ای آر اوز، بوتھ لیول عہدیداروں کو واضح ہدایات دیں تاکہ شفاف اور غلطیوں سے پاک ووٹر لسٹ تیار کی جاسکے۔
ویڈیو کانفرنس میں موجود ضلع الیکشن افسر و ضلع کلکٹر نظام آباد بھاویش مشرا نے بتایا کہ ضلع میں SIR کا عمل الیکشن کمیشن کی مقررہ رہنما خطوط کے مطابق جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں سماعت کے لیے 4,32,401 نوٹس تیار کئے گئے ہیں، جن میں سے 56,678 نوٹس اب تک رائے دہندگان کو تقسیم کئے جاچکے ہیں۔
کلکٹر نے بتایا کہ ای آر اوز اور اسسٹنٹ ای آر اوز کے لیے خصوصی آگاہی پروگرام بھی منعقد کیا جارہا ہے اور سماعت کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ویڈیو کانفرنس کے بعد کلکٹر بھاویش مشرا نے ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نوٹسوں کی تقسیم کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اس میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ زیادہ سے زیادہ نوٹس تقسیم کئے جائیں، فیلڈ سطح پر خصوصی توجہ دی جائے اور نوٹس کی وصولی کی تصدیق بھی حاصل کی جائے۔
انہوں نے پولنگ اسٹیشن اور منڈل کی سطح پر پیش رفت کی روزانہ نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں زیادہ معاملات زیر التوا ہیں، وہاں خصوصی توجہ دی جائے اور باقی ماندہ نوٹسوں کی تقسیم جلد از جلد مکمل کی جائے۔
ویڈیو کانفرنس میں ایڈیشنل کلکٹر بھوجنگ راؤ، میونسپل کارپوریشن کمشنر دلیپ کمار، آر ڈی او راجندر کمار، کلکٹریٹ اے او بلاراجو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔



