حیدرآباد کے مشہور ریسٹورنٹس پر پولیس کے دھاوے، 7 ہوٹلس کو نوٹس

حیدرآباد: شہر کے معروف ریسٹورنٹس پر TG ٹی جی سیف کے حکام اور پولیس نے اچانک چھاپے مار کر بڑے پیمانے پر معائنہ کیا۔ریاست میں فوڈ سیفٹی کے معیار کو مضبوط بنانے اورغیر معیاری کھانے پینے کی اشیا کی فروخت کو روکنے کے مقصد سے قائم کیے گئے ٹی جی سیف نے اپنی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ہفتے کی رات شہر کے مختلف معروف ریسٹورنٹس میں فوڈ سیفٹی حکام اور پولیس پر مشتمل 6 خصوصی ٹیموں نے 7 معروف ریسٹورنٹس میں اچانک تلاشی اور معائنہ کیا۔ان کارروائیوں کے دوران حکام نے میعاد ختم ہوچکی کھانے کی اشیا، صفائی کے ناقص انتظامات، کیڑے لگنے اور دیگر سنگین خلاف ورزیوں کا پتہ لگایا۔
فوڈ سیفٹی کی ٹیموں نے بنجارہ ہلز کے چٹنیس، اسپائس 6 اور اوریس، جوبلی ہلز کے دی اسپائسی وینیو، ٹولی چوکی کے 4 سیزنس ملٹی کُوزین اور شاہ غوث ریسٹورنٹس کے علاوہ گچی باؤلی کے پستہ ہاؤس میں بھی تلاشی اور معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران کچن میں مناسب صفائی نہ ہونا، میعاد ختم ہوچکی کھانے کی اشیا ذخیرہ کرنا، غیر صاف ماحول میں کھانا محفوظ رکھنا، سڑی ہوئی سبزیوں کا استعمال اور ایف ایس ایس اے آئی کے لیبلنگ اور ڈسپلے سے متعلق قواعد کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس کو حکام نے 3 شوکاز نوٹس اور 4 امپروومنٹ نوٹس جاری کیے۔ملاوٹ کا شبہ ہونے پر تمام 7 ریسٹورنٹس سے کھانے کے 11 نمونے حاصل کیے گئے اور انہیں لیبارٹری جانچ کے لیے بھیج دیا گیا۔
گچی باؤلی کے پستہ ہاؤس کے اسٹور روم سے مس برانڈنگ کی خلاف ورزی کے تحت تقریباً 17,500 روپے مالیت کے 15 کلو خشک میوے، 24 کلو خشک نوڈلز اور 5 کلو آلو کے چپس ضبط کیے گئے۔حکام کے مطابق وہاں سے گھی اور پنیر کے نمونے بھی حاصل کرکے
تجزیے کے لیے بھیجے گئے ہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ لیبارٹری رپورٹس اور متعلقہ ریسٹورنٹس کی وضاحتوں کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔



