ایس آئی آر تلنگانہ ،سافٹ ویئر کی خرابی کے باعث ووٹرس کا ریکارڈ ’میپ‘ نہ ہوسکا!

حیدرآباد: تلنگانہ میں ایسے کئی ووٹرس کو نوٹس موصول ہو رہے ہیں جنہوں نے سابقہ اسپیشل انٹینسیو ریویژن کے دوران اپنے اندراج سے متعلق تفصیلات فراہم کی تھیں لیکن اب انہیں بتایا جا رہا ہے کہ ان کے نام 2002 کی ووٹر فہرستوں سے میپ نہیں ہوسکے۔
انگریزی روزنامہ دی ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف انڈیا کے زیر استعمال سافٹ ویئر میں ممکنہ تکنیکی خرابیوں کے باعث بعض ووٹرس کو غلط طور پر "Unmapped” (غیر منسلک) قرار دیا گیا ہو سکتا ہے۔ووٹرس کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2002 کی تفصیلات پہلے ہی فراہم کردی تھیں۔
کئی ووٹرس نے بتایا کہ انہوں نے پرانی ووٹر فہرستوں میں اپنا ریکارڈ تلاش کرنے اور مطلوبہ تفصیلات اپنے Enumeration Forms میں درج کرنے میں کافی وقت صرف کیا تھا۔دی ہندو نے ایک ووٹر سواپنا کے حوالے سے بتایا کہ ان کے خاندان نے پرانی ووٹر فہرستوں میں تلاش کرکے اپنی تفصیلات کامیابی سے حاصل کی تھیں اور اس کے بعد فارم جمع کرائے تھے۔
اس کے باوجود ان کے خاندان کے تمام افراد کو ایسے نوٹس موصول ہوئے جن میں کہا گیا کہ ان کے نام 2002 کی SIR فہرست سے میپ نہیں ہوسکے۔مسئلہ صرف ووٹرز کے ریکارڈ کی میپنگ تک محدود نہیں ہے۔ کئی علاقوں میں مبینہ طور پر BLOs (بوتھ لیول افسران) نوٹس ووٹرزسکے گھروں تک پہنچانے کے بجائے کمیونٹی ہالس میں بیٹھ کر ووٹرس سے خود نوٹس وصول کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔
انتخابی حکام کے مطابق کئی معاملات میں BLOs، ECI کی موبائل ایپلی کیشن پر 2002 کی ووٹر فہرستوں سے متعلق تفصیلات اپ لوڈ نہیں کر سکے۔ایک BLO نے دی ہندو سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نام میں معمولی سا فرق ہونے کی صورت میں بھی ایپلی کیشن تفصیلات قبول نہیں کر رہی تھی۔
تلنگانہ میں مجموعی طور پر 32,36,659 ووٹرز کو ’Unmapped‘ زمرے میں رکھا گیا ہے۔ ان ووٹرز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔حیدرآباد میں 5,80,908 ووٹرس ’Unmapped‘ زمرے میں شامل ہیں۔ان ووٹرزس کو سماعت کے دوران متعلقہ دستاویزات کے ساتھ حاضر ہونا ہوگا تاکہ ان کے ریکارڈ کی تصدیق کی جاسکے۔



