تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن عادل آباد ضلع یونٹ کی ازسرنو تشکیل – محمد شاہد احمد توکل دوسری مرتبہ ضلع صدر، خضر احمد یافعی جنرل سیکریٹری منتخب

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن عادل آباد ضلع یونٹ کی ازسرنو تشکیل
محمد شاہد احمد توکل دوسری مرتبہ ضلع صدر، خضر احمد یافعی جنرل سیکریٹری منتخب

عادل آباد۔یکم/ستمبر (پریس نوٹ) تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن ضلع عادل آباد یونٹ کا ایک اہم مشاورتی اجلاس ریاستی صدر ایم اے ماجد اور ریاستی جنرل سیکریٹری سید غوث محی الدین کی ہدایت و سرپرستی میں سینئر صحافی محمد شاہد احمد توکل کی رہائش گاہ "گل محل”پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع یونٹ کی ازسرنو تشکیل کے ساتھ سال 2026-27 کے لئے ممبرسازی بھی عمل میں لائی گئی۔
اس موقع پر محمد شاہد احمد توکل کو متفقہ طور پر دوسری مرتبہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن ضلع عادل آباد یونٹ کا صدر منتخب کیا گیا۔ شیخ اشفاق احمد کو نائب صدر، موسیٰ بیگ کو منڈل نائب صدر، جبکہ خضر احمد یافعی کو دوسری میعاد کے لئے جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا۔
اسی طرح عمیم شریف کو سٹی جوائنٹ سیکریٹری، محمد شفیع کو خازن، محمد محسن کو آرگنائزیشن سیکریٹری، سلمان کو بیلا منڈل جوائنٹ سیکریٹری اور شیخ محبوب کو ایچوڑا منڈل جوائنٹ سیکریٹری کی ذمہ داری سونپی گئی۔
ایگزیکٹو ممبران کی حیثیت سے محمد آصف الدین، عصمت علی، محمد اعجاز، شیخ معیز، مرزا مجتبیٰ بیگ، رقیب یافعی اور محمد محمود کا انتخاب عمل میں آیا۔
نو منتخب ضلع صدر محمد شاہد احمد توکل کو صحافیوں کی جانب سے شال پوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی اور انہیں مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر شاہد احمد توکل نے تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نو منتخب عہدیداران کو بھی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کے اردو صحافیوں کو درپیش مسائل، بالخصوص ایکریڈیٹیشن کارڈس کی منظوری، اراضی اور دیگر فلاح و بہبود سے متعلق مسائل کے حل کے لئے فیڈریشن کی جانب سے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لئے متحدہ طور پر کام کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد شاہد احمد توکل نے بتایا کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن سے وابستہ نظام آباد، نرمل اور عادل آباد اضلاع کے اردو صحافیوں کا ایک اہم ریاستی سطح کا مشاورتی اجلاس 3 ستمبر 2026 کو صبح 11 بجے نرمل ضلع کے خانہ پور میں منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے تمام اردو صحافیوں سے اس اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کرنے کی اپیل کی۔



