بھائی کی موت کا ذمہ دار سمجھ قتل۔ میلاردیوپلی واقعہ کی تحقیقات کے دوران چونکا دینے والا انکشاف

حیدرآباد: بھائی کی موت کا ذمہ دار سمجھتے ہوئے ایک سابق مجرم نے پرانی دشمنی کی بنیاد پر آٹو ڈرائیور کو چاقو مار کر قتل کردیا۔ یہ واقعہ میلاردیوپلی پولیس اسٹیشن کی حدود میں دو روز قبل پیش آیا۔
پولیس انسپکٹر سی ایچ سرینواس کے مطابق چندرائن گٹہ کے جہانگیرآباد سے تعلق رکھنے والے عبدالروف (26) آٹو ڈرائیور تھے۔ 2 ستمبر کو دوپہر تقریباً 12 بجے وہ آٹو لے کر کام کے لیے گھر سے نکلے تھے۔
رات 11 بج کر 40 منٹ تک گھر واپس نہ آنے پر ان کی اہلیہ انتظار کر رہی تھیں۔ اسی دوران شیخ شاہد نے فون کرکے اطلاع دی کہ ان کا شوہر علی نگر کے دکن پیلس کے قریب قتل کردیا گیا۔ اطلاع ملنے پر بیوی وہاں پہنچیں تو عبدالروف خون میں لت پت مردہ حالت میں پڑے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق مقتول عبدالروف اور اسی بستی میں رہنے والے جاوید، عارف اور محمد کا تعلق کرناٹک سے ہے۔ یہ سب گانجے کے عادی تھے۔ جاوید چوری کے مقدمات میں ملزم بھی رہ چکا ہے۔
سال 2023 میں یہ سب ایک ساتھ اپنے آبائی گاؤں گئے تھے۔ وہاں ایک کنویں میں جاوید کا بھائی ساجد، عبدالروف اور دیگر چار مقامی دوست تیراکی کے لیے اترے تھے۔ اسی دوران ساجد پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔
جاوید کو شبہ تھا کہ اس کے بھائی کی موت کا ذمہ دار عبدالروف ہے اسی مخاصمت کی بنا پر سابق میں روف کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کامیاب نہیں ہوسکی ۔ چہارشنبہ کی رات نشے کی حالت میں جاوید نے عبدالروف سے جھگڑا کیا
اور اس کا قتل کردیا۔پولیس اس پہلو سے بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ قتل کے پیچھے پرانی دشمنی کے علاوہ کوئی اور وجہ تو نہیں تھی۔



