جنگاؤں میں سیرت النبی ﷺ اسلامی کوئز 2026 کا شاندار انعقاد
276 طلبہ و طالبات کی پرجوش شرکت، مولانا عبدالحفیظ قاسمی نے سوالنامے جاری کیے

جنگاؤں: جمعیۃ علماء جنگاؤں کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ اسلامی کوئز 2026 کا شاندار انعقاد جمعہ کے روز جامع مسجد جنگاؤں میں عمل میں آیا، جس میں مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والے 276 طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
کوئز کا مقصد نئی نسل میں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ، آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ، تعلیمات، اخلاق و کردار اور اسلامی اقدار سے واقفیت پیدا کرنا اور طلبہ میں سیرت النبی ﷺ کے مطالعہ کا ذوق پروان چڑھانا تھا۔
جمعیۃ علماء جنگاؤں کے چیف پیٹرن مولانا عبدالحفیظ قاسمی نے کوئز کے سوالنامے جاری کرتے ہوئے پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کی بڑی تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کا مطالعہ مسلمانوں خصوصاً نئی نسل کے لیے نہایت اہم ہے، کیونکہ رسول اکرم ﷺ کی مبارک زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
کوئز کے انعقاد میں کنوینر کوئز محمد خواجہ مجتہدالدین نے اہم ذمہ داری ادا کی۔ ان کی نگرانی میں طلبہ کے لیے ضروری انتظامات، سوالناموں کی تقسیم، امتحانی نظم و ضبط اور دیگر امور کو منظم انداز میں انجام دیا گیا۔
اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء جنگاؤں مولانا عبدالرحمن، محمد جمال شریف ایڈووکیٹ اور صدر جامع مسجد جنگاؤں مسیح الرحمن سمیت دیگر ذمہ داران و منتظمین موجود تھے۔
کوئز میں طلبہ کی بھرپور شرکت نے پروگرام کی کامیابی کو نمایاں کیا۔ طلبہ نے سیرت النبی ﷺ سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اپنی علمی صلاحیتوں اور سیرت کے مطالعہ کا مظاہرہ کیا۔
منتظمین نے کہا کہ ایسے علمی و دینی مقابلوں کا مقصد محض مسابقت نہیں بلکہ طلبہ کے اندر دینی شعور، سیرت النبی ﷺ سے محبت اور اسلامی اخلاق و اقدار کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کوئز کے ذریعے طلبہ نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی کے مختلف پہلوؤں سے مزید واقف ہوں گے اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی کوشش کریں گے۔ ممتحن کے فرائض عبد المقتدر، محمد امتیاز الدین، محمد جلیل، ناظمہ آفرین، غوثیہ نے انجام دیے ۔
آخر میں جمعیۃ علماء جنگاؤں کے ذمہ داران مولانا امان اللہ، مولانا محی الدین عقیل، مفتی انصار، مولانا عبد الرشید، حافظ مصلح الدین سعید، حافظ ارشد، حافظ محمد نعیم، حافظ عبد الجواد، حافظ سجاد نے کوئز میں شریک تمام طلبہ، ان کے والدین، اساتذہ اور پروگرام کی کامیابی کے لیے تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔




