نظام آباد کے دو نوجوان رائفل شوٹرز نے تین میڈلس جیت کر تاریخ رقم کردی

نظام آباد کے دو نوجوان رائفل شوٹرز نے تین میڈلس جیت کر تاریخ رقم کردی
حامد بن غانم اور سعید بن غانم کی جانب سے شاندار تہنیتی تقریب
نظام آباد، 5 ستمبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے شہر نظام آباد کے دو اُبھرتے ہوئے نوجوان رائفل شوٹرز محمد عبد القیوم ولد محمد عبدالشاکر اور محمد محتشم علی خان ولد مسعود علی خان نے رائفل شوٹنگ کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر تین میڈلس حاصل کرکے شہر کا نام روشن کردیا۔
محمد عبد القیوم نے 2023ء میں رائفل شوٹنگ کے میدان میں قدم رکھا۔ انہوں نے 19 تا 21 اگست 2026ء کو سنگاریڈی میں منعقدہ رائفل شوٹنگ مقابلوں کے جونئیر زمرہ میں 300 میٹر رائفل ایونٹ میں سلور میڈل حاصل کیا، جبکہ اوپن بگ بور 300 میٹر مقابلے میں برونز میڈل جیتا۔ پہلے ہی مقابلوں میں دو میڈلس حاصل کرکے انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ محمد عبد القیوم آئندہ منعقد ہونے والے نیشنل رائفل شوٹنگ مقابلوں کے لیے بھی اہل قرار پائے ہیں۔ وہ اپنے والد محمد عبدالشاکر اور اپنے استاد و ماہر شوٹر خواجہ مبشر علی فاروق کی سرپرستی میں رائفل شوٹنگ کی تربیت حاصل کرتے ہوئے مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔
اسی طرح محمد محتشم علی خان نے بھی پہلی مرتبہ 300 میٹر رائفل شوٹنگ کے سینئر زمرہ میں حصہ لیتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے اپنی پہلی ہی شرکت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ بھی نیشنل رائفل شوٹنگ مقابلوں کے لیے اہل قرار پائے ہیں۔
نظام آباد کے ان دونوں نوجوان شوٹرز کی شاندار کامیابی پر ان کے اعزاز میں کانگریس کے سینئر قائد اور سابق صدر نظام آباد سٹی اقلیتی سیل حامد بن غانم اور ایورگرین ہوٹل، احمدی بازار نظام آباد کے مالک سعید بن غانم کی جانب سے ایک شاندار تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں سابق ڈپٹی میئر میر مجاز علی، سینئر کانگریس قائد سید نجیب علی ایڈوکیٹ، ایم اے قیوم (این آر آئی)، محمد نثار احمد کلاسک، ڈاکٹر محمد عبدالقوی، صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی، سینئر صحافی احمد علی خان، ناصر بن سعید، یاسر بن سعید، طالب بن سعید، طلحہ بن سعید، ایم اے جلیل، کارپوریٹر میر ممتاز علی کے علاوہ بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر دونوں نوجوان شوٹرز کی گلپوشی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ محمد عبد القیوم اور محمد محتشم علی خان نے رائفل شوٹنگ کے میدان میں کامیابی حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین اور اساتذہ بلکہ پورے نظام آباد کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں نوجوان قومی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔



