جنرل نیوز

کریم نگر میں سہارا بیت المال کی جانب سے بیوہ خواتین میں ماہانہ وظائف کی تقسیم

کریم نگر: سہارا بیت المال کریم نگر کی جانب سے مستحق بیوہ خواتین میں ماہانہ وظائف تقسیم کئے گئے۔ مولوی محمد جمیل احمد رحمانی، جنرل سکریٹری سہارا بیت المال کی نگرانی میں دفتر سہارا پر منعقدہ تقریب میں مستحق خواتین کو وظائف فراہم کئے گئے۔

 

اس موقع پر مہمان خصوصی مفتی محمد یونس قاسمی، صدر جمعیت علمائے کریم نگر نے خطاب کرتے ہوئے خواتین کو دین سے وابستہ رہنے، نماز کی پابندی کرنے اور اپنی اولاد کی دینی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی زندگی عارضی ہے، اس لئے ہر شخص کو آخرت کی تیاری کی فکر کرنی چاہئے۔

 

مفتی محمد یونس قاسمی نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد کے عقائد درست کرنے کے ساتھ انہیں موجودہ دور کے مختلف فتنوں سے محفوظ رکھنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے خواتین کو لڑائی جھگڑے اور فساد سے دور رہنے اور مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلامتی کا راستہ اختیار کرنے کی نصیحت کی۔

 

انہوں نے 8 ستمبر کو منعقد ہونے والے سیرتِ نبوی ﷺ کے امتحان میں بھی شرکت کی اپیل کی اور بتایا کہ اس امتحان میں ہر عمر کے افراد کے لئے الگ ’’آزاد گروپ‘‘ رکھا گیا ہے۔

 

سہارا بیت المال کے صدر حافظ محمد ذاکر جلیل نے نماز کی پابندی اور بچوں کی دینی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء سے اپنے حالات اور پوری دنیا کے حالات کی بہتری کے لئے دعا کرنے کی اپیل کی۔

 

نائب صدر مفتی محمد آصف الدین دبیر حسامی نعمانی نے خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی طور پر مضبوط ہونے کی ترغیب دی۔ انہوں نے فضول خرچی سے بچنے اور ہر ماہ کچھ رقم بچانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح مشکل وقت میں کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

 

آخر میں مفتی محمد یونس قاسمی کے ہاتھوں مستحق بیوہ خواتین میں ماہانہ وظائف تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر سہارا بیت المال کے اراکین حافظ توصیف احمد، حافظ عبدالکریم حاجی اور حافظ محمد جاوید نیازی بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button