تلنگانہ

مکتھل میں 36 ہزار ووٹ حذف، مزید 76 ہزار کو نوٹس؛ کارکن چوکس رہیں: وزیر وکیتی سری ہری

 

مکتھل 06/ستمبر (اردو لیکس) ریاستی وزیر کھیل، ڈیری ڈیولپمنٹ، حیوانات، ماہی پروری اور یوتھ سروسز وکیتی سری ہری نے کانگریس پارٹی کے کارکنوں کو ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے معاملے میں چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ریاستی وزیر کی قیادت میں SIR کے سلسلے میں بوتھ لیول ایجنٹس (BLA) اور حلقہ کے نگرانوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مکتھل حلقۂ انتخاب میں پہلے ہی 36 ہزار ووٹ حذف کئے جا چکے ہیں، جبکہ حال ہی میں مزید 76 ہزار ووٹوں کو حذف کرنے سے متعلق نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ ہر بوتھ کی سطح پر ذمہ داری کے ساتھ کام کریں تاکہ اہل رائے دہندگان اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ ہوں۔

 

وزیر نے مواضعات کے سرپنچوں، میونسپل چیئرپرسن، وارڈ ممبران اور پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ SIR کے عمل میں باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سطح پر جانچ کی جائے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ تمام اہل افراد کے نام ووٹر لسٹ میں موجود ہیں۔

 

وکیتی سری ہری نے کہا کہ میں ایک رکن اسمبلی کی حیثیت سے اسی وقت کامیاب ہوسکتا ہوں جب آپ سب مجھے ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں عوامی حکومت قائم ہوئی ہے۔ ووٹ کے حق کا تحفظ کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔

 

وزیر نے کہا کہ SIR کے سلسلے میں پارٹی کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں اور ہر کارکن کو ان پر سو فیصد سختی سے عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پارٹی کے سامنے اہم مسئلہ یہ ہے کہ غریب، پسماندہ اور کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے اہل افراد کے ووٹ ضائع نہ ہوں۔ جو شخص عوام کے ووٹ کے حق کے تحفظ کے لئے کام کرتا ہے، وہی حقیقی کارکن ہے۔

 

وزیر نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ہر مستحق غریب خاندان کو فلاحی اسکیموں سے فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔

 

اس اجلاس میں وزیر وکیتی سری ہری کے علاوہ مکتھل حلقۂ انتخاب کے مبصر گتہ امیت ریڈی، پارلیمنٹ انچارج ریوتی گوڑ، نارائن پیٹ ڈی سی سی صدر پرشانت ریڈی، ساتوں منڈلوں کے کانگریس پارٹی صدور، بی ایل اے، نگران، سرپنچ، وارڈ ممبران، پارٹی کارکنان اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button