تلنگانہ محکمہ پولیس میں ملازمتوں میں بھرتی کے خواہشمند امیدوارواں کیلئے اہم اطلاع

حیدرآباد: حکومت نے پولیس ملازمتوں کے لیے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کردی ہے۔ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ امیدوار اب 16 ستمبر کی شام 5 بجے تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔
تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈنے 7,437 پولیس اور دیگر متعلقہ عہدوں پر تقررات کے لیے 29 جولائی کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 9 ستمبر مقرر کی گئی تھی تاہم اب اسے بڑھا کر 16 ستمبر کردیا گیا ہے۔
ان 7,437 خالی جائیدادوں میں پولیس کانسٹیبل سول کے 3,697، آرمڈ ریزرو (اے آر) کے 1,052، پولیس کانسٹیبل (ایس اے آر پی پی ایل مینز) کے 24، اسپیشل پروٹیکشن فورس کانسٹیبل کے 1,380، فائر فائٹر کے 751 اور جیل وارڈر کے 208 عہدے شامل ہیں۔ٹی ایس ایل پی آر بی کے مطابق اب تک 3,38,336 امیدواروں نے رجسٹریشن کروایا ہے
جبکہ 2,88,530 امیدواروں نے فیس ادا کرتے ہوئے درخواست کے عمل کو آگے بڑھایا ہے۔ بورڈ نے بتایا کہ امیدواروں کی آدھار تصدیق کا عمل بھی 95 فیصد سے زیادہ مکمل ہوچکا ہے۔پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ
آخری وقت تک انتظار نہ کریں اور پہلے ہی درخواستیں جمع کرادیں کیونکہ آخری لمحات میں درخواست داخل کرنے کے دوران تکنیکی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔



