جرائم و حادثات

شوہر نے فون نہیں اٹھایا،بیوی نے خودکشی کرلی

محبوب آباد: شوہر کی جانب سے فون نہ اٹھانے پر دلبرداشتہ ایک شادی شدہ خاتون نے خودکشی کرلی۔

 

یہ واقعہ ریاست تلنگانہ محبوب آباد ضلع مستقر میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق ورنگل ضلع کے نیکونڈہ منڈل کے بولّی کونڈہ سے تعلق رکھنے والی شاردا کی بیٹی اکھیلا (24) کی تین سال قبل محبوب آباد کے رہنے والے بانوت حسین سے شادی ہوئی تھی۔

 

اس جوڑے کی چھ ماہ کی ایک بیٹی ہے۔ حسین محبوب آباد میں ایک فعنانس ادارے میں منیجر کے طور پر کام کرتا تھا۔حال ہی میں اکھیلا اپنے میکے گئی ہوئی تھی۔ بیٹی کے رونے پر اس نے شوہر سے بات کرنے کے لیے ویڈیو کال کی تاہم شوہر نے فون نہیں اٹھایا

 

جس پر اکھیلا دلبرداشتہ ہوگئی اور محبوب آباد کے ہستینا پورم کالونی میں واقع اپنے گھر واپس آگئی۔ وہاں اس نے چوہے مارنے والی دوا کھالی۔حالت بگڑنے پر اکھیلا کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس کی حالت تشویشناک ہوگئی اور پیر کے روز اس کی موت ہوگئی۔

 

متوفیہ کی والدہ شاردا کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ٹاؤن انچارج سی آئی انجلی نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button