موٹر کا پلگ نکالتے وقت برقی شاک، 13 سالہ طالبہ ہلاک
موٹر کا پلگ نکالتے وقت برقی شاک، 13 سالہ طالبہ ہلاک
میونسپل چیئرپرسن نے سرکاری دواخانہ پہنچ کر افراد خاندان سے تعزیت کی
مکتھل، 8 ستمبر: نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل منڈل کے منتھن گوڑ گاؤں میں برقی شاک لگنے سے 13 سالہ طالبہ اکشرہ ہلاک ہوگئی۔ اکشرہ مقامی ضلع پریشد ہائی اسکول میں آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم تھی۔
تفصیلات کے مطابق اکشرہ منگل کی صبح روز کی طرح گھر میں پانی بھرنے کے لیے موٹر چلانے گئی تھی۔ پانی بھرنے کے بعد جب وہ موٹر کا پلگ نکال رہی تھی، اسی دوران اچانک برقی شاک کی زد میں آگئی اور بے ہوش ہوکر گر پڑی۔ افراد خاندان نے فوری طور پر اسے مکتھل کے سرکاری دواخانہ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد اسے مردہ قرار دیا۔
طالبہ کی موت کی اطلاع ملتے ہی مکتھل میونسپل چیئرپرسن محترمہ واکٹی مانسا ہنمنتو سرکاری دواخانہ پہنچیں۔ انہوں نے متوفی طالبہ کے والدین اور دیگر افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پرسہ دیا اور اس غم کی گھڑی میں دلاسہ دیا۔ انہوں نے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حوصلہ دیا۔
اس موقع پر میونسپل کونسلرس، کانگریس پارٹی کے قائدین و کارکنان اور دیگر افراد موجود تھے۔ انہوں نے بھی غمزدہ خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ کم عمری میں طالبہ کی اچانک موت پر مقامی افراد نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ پولیس نے واقعہ کے سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔




