جرائم و حادثات

سہارنپور مسجد انہدام پر یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف مبینہ قابلِ اعتراض بیان – سابق صحافی ہدی زری والا گرفتار

سہارنپور: سابق صحافی اور سماجی کارکن ہدی زری والا کو سہارنپور میں اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ اور ضلع مجسٹریٹ کے خلاف مبینہ قابلِ اعتراض بیان دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ یہ معاملہ ضلع کلکٹریٹ میں مسجد منہدم کئے جانے سے متعلق ہے۔

 

مقامی رپورٹس کے مطابق زری والا پیر کو سہارنپور سرکٹ ہاؤس پہنچی تھیں، جہاں سماج وادی پارٹی کے ایک وفد کے ساتھ جانے پر ان کی پولیس اہلکاروں سے بحث ہوگئی۔ خواتین پولیس اہلکاروں نے انہیں وہاں سے ہٹانے کی کوشش کی، جس کے بعد مبینہ طور پر تلخ کلامی ہوئی۔

 

بعد ازاں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں زری والا نے کلکٹریٹ کی مسجد کے انہدام کے حوالے سے یوگی آدتیہ ناتھ اور ضلع مجسٹریٹ کے خلاف مبینہ قابلِ اعتراض تبصرے کئے۔ وکیل دشینت سنگھ نے پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے بیانات سے امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہوسکتی ہے۔

 

پولیس نے ویڈیو کا علم ہونے کے بعد زری والا کو حراست میں لیا اور بعد میں گرفتار کرلیا۔ انہیں امن و امان میں خلل کے خدشے سے متعلق احتیاطی دفعات کے تحت عدالت میں پیش کیا گیا، جس کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہدی سابق میں بی بی سی ہندی اور دیگر چیانلس میں کام کرچکی ہیں

 

سہارنپور کے ایس ایس پی ابھینندن سنگھ نے بتایا کہ دشینت سنگھ کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو اور اس میں کئے گئے مبینہ تبصروں کی تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button