نیشنل

سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر ویپل کا ہندوستانی شہریوں کے نام اہم پیغام – عمرہ زائرین کی مدد کے لئے ہیلپ لائن قائم

نئی دہلی: سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ویپل نے حالیہ حملوں کے تناظر میں مملکت میں مقیم ہندوستانی شہریوں کے لیے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے انہیں پرسکون رہنے، چوکس رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

 

سفیر نے کہا کہ ہندوستان نے سعودی عرب میں شہری تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی مذمت کی ہے اور سعودی عوام و قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 10 اکتوبر کو ریاض ایئرپورٹ پر حملے میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوئے۔ سفارت خانہ متاثرین کے اہل خانہ اور اسپتال انتظامیہ سے رابطے میں ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کررہا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ موجودہ حالات کے باعث ریاض ایئرپورٹ بند ہے اور ایئر انڈیا و انڈیگو کی پروازیں مملکت بھر میں منسوخ کردی گئی ہیں، تاہم سعودی ایئرلائنز، فلائی ناس اور فلائی ایڈیل کی پروازیں فی الحال جاری ہیں۔ مسافر ان ایئرلائنز یا پڑوسی خلیجی ممالک کے راستے سفر کرسکتے ہیں۔

 

پروازوں میں خلل کے باعث عمرہ زائرین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ سفارت خانے نے ان کی مدد کے لیے ہیلپ لائن قائم کی ہیں، جن کے نمبر سوشل میڈیا ذرائع پر دستیاب ہیں۔ ہندوستان سے سعودی عرب جانے کا منصوبہ بنانے والوں کو بھی ممکنہ سفری رکاوٹوں کو مدنظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 

سفیر ویپل نے کہا کہ ہندوستانی شہری کسی بھی پریشانی یا سوال کے لیے سفارت خانے کی 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ فضائی حملے کی صورت میں گھروں یا محفوظ عمارتوں کے اندر رہیں اور باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے حملوں کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے اور انہیں شیئر کرنے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت دی، کیونکہ یہ سعودی قوانین کی خلاف ورزی ہوسکتی ہے اور قانونی کارروائی کا سبب بن سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button