سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کے خلاف مہیش کمار گوڑ کا سخت موقف، کلکٹر کو بلا سیاسی دباؤ کارروائی کی ہدایت
سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضہ جات کیخلاف صدر ٹی پی سی سی مہیش کمارگوڑ کا سخت موقف
قبضہ کی شکایت موصول ہونے کے بعد ضلع کلکٹر نظام آباد ایلاتر پاٹھی کو بناء کسی سیاسی دباؤ کے سخت کارروائی کی ہدایت
مجاہد نگر اور قلعہ روڈ پر ناجائز قبضہ برخواست
نظام آباد:19/ اکتوبر (پریس نوٹ) حلقہ اسمبلی نظام آباد اربن میں سرکاری اراضیات پر غیر قانونی قبضہ جات کے خلاف صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر مہیش کمار گوڑ سخت کارروائی کے موقف میں دکھائی دے رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضہ جات کی شکایت کو ان کے علم میں لانے پر انہوں نے بلا تاخیر ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا تر پاٹھی کو فون کرتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے یہ بھی بتایاجاتا ہے
کہ حلقہ اسمبلی نظام آباد اربن سے تعلق رکھنے والے مہیش کمار گوڑ سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضہ جات کو برخواست کرتے ہوئے سرکار کی ملکیت کا تحفظ کرنے کیلئے عہدیداروں کو بناء کسی سیاسی دباؤ کے کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ 15/ اکتوبر کو نظام آباد شہر میں سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کے خلاف ضلع کلکٹرنظام آباد ایلا ترپاٹھی کی ہدایت پر محکمہ ریونیو، میونسپل کارپوریشن اور پولیس کے عہدیداروں نے کارروائی کرتے ہوئے مجاہد نگر اور قلعہ روڈ کے علاقوں میں غیر قانونی قبضوں کو برخواست کردیا اور جے سی بی مشینوں کی مدد سے غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کردیا۔
حلقہ اسمبلی نظام آباداربن کے مجاہد نگر علاقے میں سروے نمبر 2545 کے تحت موجود 18 ایکڑ سرکاری اراضی میں سے 13 گنٹے زمین پر ناجائز قبضے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر مہیش کمار گوڑ کی جانب سے ضلع کلکٹر کو کارروائی کے احکامات ملنے کے بعد عہدیداروں نے مقام کا معائنہ کرتے ہوئے باقاعدہ سروے کیا اور قبضوں کی تصدیق کی اور غیر قانونی عارضی شیڈس کو منہدم کردیا۔ اسی طرح شہر کے اہم علاقہ قلعہ روڈ پر سروے نمبر 25/45 کے تحت واقع تقریباً دو ایکڑ قیمتی کھلی سرکاری اراضی پر بھی بعض افراد کی جانب سے قبضے کی کوشش کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ اراضی پر قبضہ کرنے کی غرض سے شیٹوں کی دیوار تعمیر کی گئی تھی۔ مسٹر مہیش کمار گوڑ کی ہدایت پر ضلع کلکٹر نے متعلقہ محکمہ مال اور میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں سے تفصیلات طلب کیں اور غیر قانونی قبضے فوری طور پر برخواست کرتے ہوئے اراضی کو دوبارہ سرکاری تحویل میں لینے کی ہدایت دی۔صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضہ جات کو قطعی برداشت نہ کرنے کے موقف میں دکھائی دے رہے ہیں نہ صرف حلقہ اسمبلی نظام آباد اربن بلکہ ساری ریاست میں کسی بھی مقام پر سرکاری اراضی پر لینڈ گرابرس کی جانب سے ناجائز قبضہ جات کی صورت میں مسٹر مہیش کمارگوڑ کے فون نمبر پر شکایت کی جانے کی صورت میں وہ کارروائی کے موقف میں دکھائی دے رہے ہیں۔



