تلنگانہ

آئیٹا (AIITA)، مرکزی کونسل اور ریاستی مشاورتی کونسل ممبران کا دو روزہ ورکشاپ کامیابی سے ہمکنار

تعلیم کے حقیقی مقصد کے حصول کے لیے ہمیں سعید روحیں (Noble Souls) پیدا کرنی ہوں گی۔ سید تنویر احمد

آئیٹا (AIITA)، مرکزی کونسل اور ریاستی مشاورتی کونسل ممبران کا دو روزہ ورکشاپ کامیابی سے ہمکنار

 

(میسورو) : گذشتہ دنوں 26 اور 27 مئی 2023ء اپنا گھر،ایس ایس نگر، میسور (کرناٹک) میں آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسو سی ایشن (آئیٹا) کے مرکزی کونسل (سی سی) اور ریاستی مشاورتی کونسل (ایس اے سی)ممبران کا دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔اس ورکشاپ کا مقصد مرکزی و ریاستی ذمہ داران کی تربیت اور آئندہ کے تعلیمی چیلنجیس پر گفتگو کے مواقع فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنی ریاستوں میں ضلعی و مقامی ذمہ داران کی تربیت کرسکیں ۔ اس ورکشاپ میں ملک کی مختلف ریاستوں کے آئیٹا تقریباً 100 اساتذہ جو مشاورتی کونسل اور مرکزی ممبران پر مشتمل تھے ،

شریک ہوئے۔ 26 مئی صبح ۱۱ بجے ”کنتم خیرا امت اخرجت للناس تامرون بالمعروف۔۔۔۔۔۔“ عنوان کے تحت ڈاکٹر محمد سعد بلگامی (امیر حلقہ کرناٹک) کی تذکیر سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ آئیٹا کرناٹک کے صدر محمد رضا مانوی صاحب نے تمام ممبران کا استقبال کیا۔ جنرل سیکریٹری، میر ممتاز علی صاحب نے ”ورکشاپ کی اہمیت اورکامیابی کے تقاضے“ پر گفتگو کی۔ ”موجودہ حالات میں آئیٹا کے قائدین سے توقعات“ کے موضوع پر سید تنویر احمد صاحب (ڈائریکٹر مرکزی تعلیمی بورڈ،نئی دہلی) نے تقریر کرتے ہوئے تمام اساتذہ کو قائدین بتاتے ہوئے انھیں طلبہ کی اخلاقی اور پیشہ ورانہ رہنمائی کی تلقین کی۔

 

نیشنل ایجوکیشن پالیسی (این ای پی) اور نیشنل کری کلم فریم ورک(این سی ایف)، امریکن ریسرچ کے حوالے سے اخلاقی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیااور یہ کہا کہ اخلاق صرف کتابی تعلیم سے پیدا نہیں ہوتے۔ اس کے علاوہ آپ نے اندرون جذب کی صلاحیت، عقلیت پسندی، ایموشنل کوشنٹ، سوشل اسکلس، لوجیکل تھنکنگ اور قدر پیمائی کے نئے طریقوں پر مختلف انداز سے روشنی ڈالی۔ بعد نماز جمعہ وطعام ،دوسرے سیشن میں محترم لئیق اللہ صاحب(کرناٹک) نے ”کیا مسافر تھے جو اس رہ گذر سے گذرے“ عنوان کے تحت تقریر کرتے ہوئے، اخوان المسلمون کے قائد، حسن البناء شہید ؒ، مولانا افضل حسین صاحب اور محترم اشفاق احمد (شعبہ تعلیم و تربیت) کی زندگیوں کا جائزہ پیش کیا۔

 

اس سیشن میں بالخصوص، نئی تعلیمی پالیسی کے تئیں اساتذہ کی ذمہ داریوں کے عنوان پر سید تنویر احمد صاحب نے سیر حاصل گفتگو کی۔” ایس اے سی کی اہمیت و معنویت دستور کی روشنی میں”، اس موضوع کے تحت مختلف ریاستی ذمہ داران نے آئیٹا کے دستور کی دفعات کی تفہیم پیش کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا، بعد ازاں صدر تنظیم نے اس پر اپنا تبصرہ دیا۔ بعد نماز مغرب میسور ضلع کے اساتذہ کے لیے ”معمار جہاں تو ہے“ اس موضوع پر ایک مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں سید تنویر احمد صاحب، شیخ عبدالرحیم صاحب (قومی صدر)، رحمت النساء صاحبہ (ممبر شوریٰ) اور میسور کی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی ایڈمنسٹریٹیو افسر نے شرکت کی اور اساتذہ سے اپنے تجربات شئیر کیے۔

 

دوسرے دن 27مئی 2023ء، پہلے سیشن کا آغاز مولانا یسین ذکی صاحب (مرکزی سیکریٹری) کی تذکیربعنوان ”تم نیکی کو نہیں پہنچ سکتے جب تک کہ تم۔۔۔“ سے ہوا۔ محترم محمد جاوید عبداللہ صاحب (ڈائریکٹر اے جے اکیڈمی فار ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ، رائچور) نے ”تعلیم میں نظریاتی پختگی کی اہمیت اور ہمارا اپرووچ“ موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آئیٹا کی مرکزی مہم کی تفہیم، طریقہ کار، لوگو اور دیگر معلومات، نائب صدر مختار کوتوال صاحب نے حاضرین کے گوشِ گزار کیں۔

 

جماعت اسلامی ہند کے نمائندگان، محترمہ رحمت النساء صاحبہ اور محترم انعام الرحمن صاحب نے بالترتیب، ”اسو سی ایشن میں معلمات کا موثر کردار“اور ”آئیٹا کل آج اور کل“ کے عنوان سے اپنی گفتگو پیش کی۔ نائب صدر مرشد علی صاحب نے ”توجہ طلب امور“ پر ممبران کی توجہ مبذول کرائی۔ آخری سیشن کاآغاز نیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر، مومن فہیم احمد کے تجدید عہد سے ہوا۔ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے ممبران نے ورکشاپ کے دو دنوں کے اپنے تاثرات اور عزائم کا تذکرہ کیا۔ اختتامی خطاب بعنوان ”یقین محکم، عمل پیہم، محبت فاتح عالم“ کے عنوان سے محترم شیخ عبدالرحیم (قومی صدر آئیٹا) نے جذباتی انداز میں رفقاء سے خطاب کیا اور انھیں میدان عمل میں جوش جذبے کے ساتھ اترنے اور قوم و ملت اور ملک عزیز بھارت کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

 

محترم جاوید اختر(ریاستی صدر جھارکھنڈ) کی دعا پر ورکشاپ کا اختتام ہوا۔ اس دو روزہ ورکشاپ کے کامیاب انعقاد کے لیے مرکزی ذمہ داران کے علاوہ کرناٹک کے ریاستی صدر محترم رضا مانوی اور سیکریٹری محترم یاسین بھبکا کے ساتھ دیگر ممبران اور ایس آئی او کے نوجوانوں کا بھرپور تعاون رہا۔ شرکاء کے کھانے اور رہنے کا نظم محمداسعد صاحب اور ان کے ساتھیوں نے احسن طریقے پر کیا۔

 

صدر تنظیم نے اپنی گفتگو میں اپنا گھر کے ذمہ داران بالخصوص محترم عبدالعزیز سیٹھ(ایم ایل اے و ٹرسٹی)، اپنا گھر کے ذمہ داران ان کی ٹیم اور مقامی ذمہ داران کا شکریہ اداکیا۔ اس ورکشاپ کی مختلف تقاریر آئیٹا کے آفیشل یوٹیوب چینل https://www.youtube.com/@aiita904 پر ملاحظہ کی جاسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button