جرائم و حادثات

سعودی عرب۔ تشدد کی رپورٹ کرانے پرشوہر نے بیوی کو قتل کردیا

ریاض ۔ کے این واصف

گھریلو تشدد تو روز بروز بڑھتا جا رہا ہے مگر یہ ظلم اب اپنے قدم آگے بڑھا رہا ہے۔ اب عورتیں اپنے شوہر کے ہاتھوں قتل بھی ہورہی ہیں۔ مملکت میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کا ایک تازہ واقع سامنے آیا۔

سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں سعودی ٹیچر وفا الغامدی کو اس کے شوہر نے پولیس اسٹیشن میں تشدد کی رپورٹ درج کرانے پر قتل کیا۔اخبار 24 کے مطابق خاتون ٹیچر وفا الغامدی کے قتل کی مزید تفصیلات یوں آئیں۔

رشتہ داروں نے بتایا کہ ’اسکول جانے سے قبل وفا الغامدی کو اس کے شوہر نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اسکول جاتے ہوئے وفا نے پولیس اسٹیشن میں اس کی رپورٹ درج کرائی تھی۔‘ رشتے داروں کا کہنا ہے کہ ’وفا الغامدی کے اسکول سے گھر پہنچنے پر اس کے شوہر کو پولیس اسٹیشن طلب کیے جانے کا پیغام ملا۔ اس پر وہ طیش میں آ گیا۔ اپنی اہلیہ کو کچن میں بند کرکے چھری سے کئی وارکیے۔‘وفا الغامدی کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ کچھ دیر بعد دم توڑ گئیں۔

رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ’جب سے وفا الغامدی کی شادی ہوئی تھی تب سے اس کا شوہر کسی نہ کسی بات پر زدوکوب کرتا تھا اور یہ اس کا معمول تھا۔ وفا نے تنگ آ کر پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی تھی۔‘

بتایا گیا کہ پولیس نے اس واقع کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button