جرائم و حادثات

بیٹی کو کندھے پر بٹھا کر جانے والے شعیب نامی تاجر پر فائرنگ ۔ اتر پردیش واقعہ کا ویڈیو وائرل

نئی دہلی: ریاست اتر پردیش کے شاہجہاں پور میں ایک شخص پر اس وقت فائرنگ کر دی گئی جب وہ اپنی چھوٹی بیٹی کو کندھے پر بٹھا  کر جا رہا تھا۔ یہ واقعہ اتوار کی شام کوتوالی علاقے میں پیش آیا۔ زخمی کی شناخت تاجر پیشہ 30 سالہ شعیب کے طور پر کی گئی ہے اس شخص کی پنجاب کے امرتسر میں موبائل کی دکان ہے۔

 

 

زخمی اس وقت دہلی کے ہاسپٹل میں زیر علاج ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ فائرنگ کا سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والی تینوں حملہ آوروں کی شناخت کا دعوی کیا ہے اور ان کی تلاش کی جا رہی ہے۔

 

 

اس دوران شاہجہاں پور کے پولیس عہدیدار بی ایس ویر کمار نے بتایا کہ زخمی کا رشتہ دار طارق اور تین حملہ آور اس واقع میں ملوث ہیں۔ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ طارق اور شعیب کی آپس میں مخاصمت ہے اسی وجہہ سے شعیب پر فائرنگ کی گئی ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شعیب اپنی بیٹی کو کندھے پر اٹھائے پیدل جا رہے ہیں جبکہ دو افراد مخالف سمت سے موٹر سائیکل پر آئے اور کچھ فاصلے پر رک گئے۔

 

 

اسی دوران ایک نوجوان ان کے قریب آیا اور اس نے ریوالور نکال کر فائرنگ کر دی جس کے ساتھ ہی شعیب اپنی بیٹی کے ساتھ زمین پر گر پڑے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button