جنرل نیوز

علماء و حفاظ درس و تدریس کی خدمت کو لازم پکڑیں

مجلس العلماء والحفاظ کریم نگر سے حضرت مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی کا خطاب

کریم نگر

محمد عبد الحمید قاسمی کی اطلاع کے بموجب کر3 شعبان المعظم 1444ھجری مطابق 25 فروری 2023 عیسویں بروز جمعہ بعد نماز عشاء بمقام مسجد دستگیر بصدارت حضرت مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی مدظلہ العالی مجلس العلماء والحفاظ کریم نگر کا اجلاس منعقد ہوا-اجلاس کا آغاز مولانامحمد عبد المتین صاحب کی قرأت سے ہوا اور مولانا خواجہ معین الدین صاحب نے نعتیہ کلام پاک پیش کیا – اس کے بعد صدر مجلس حضرت مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی مدظلہ العالی نے اپنے پُر جوش اور پُر اثر انداز میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ نبی کریمﷺ اس دنیا میں مُعلم بناکر بھیجئے گئے، درس وتدریس کی فضیلت قرآن و حدیث سے ثابت ہے نیز درس و تدریس دین کی اہم خدمت اور دین کا اہم مشغلہ ہے،لھذا اہل علم موجودہ حالات کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو دین پر لگائیں،

منظم مکاتب قائم کرتے ہوئے نورانی قاعدہ اور قرآن کریم کی تعلیم کو حتی الامکان فروغ دینے کی کوشش کریں،مولانا نے عارف باللہ مولانا قاری سید صدیق احمد صاحب باندویؒ ، مفکر اسلام حضرت مولانا ابو الحسن علی ندویؒ، استاد الاساتذہ و نمونۂ اسلاف حضرت مولانا احمد عبد اللہ طیب صاحبؒ مد ظلہ العالی کی علمی مشغولیت اور اُن حضرات کی علمی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے شیخ الحدیث حضرت مولانا شیخ زکریا صاحبؒ کے ملفوظ کو بیان کیا کہ "فراغت کے بعد اخلاص و للہیت کے ساتھ بولتا قاعدہ اور نورانی قاعدہ کی تعلیم دینا اُس کے علم کے مقبول ہونے کی علامت ہے” بعدہٗ حضرت مفتی محمد یونس القاسمی صاحب نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ علماء ہمیشہ فرقۂ باطلہ، فرقۂ ضالّہ اور نت نئے فرقوں کے سد باب کے لئے ہمیشہ کوشاں رہیں نیز فرمایا کہ سابق میں مجلس کے تحت چلنے والے خواتین کے اجتماعات کو مضبوط کیا جائے-

اس کے بعد حضرت مفتی محمد غیاث محی الدین صاحب نے فرمایا کہ مجلس کے تحت چلنے والے ہفتہ واری درس قرآن کے علاوہ جن مساجد میں تفسیر قرآن کا اہتمام نہیں ہو رہا ہے وہاں جلد از جلد شروع کرنے کی فکر اور توجہ کی جائے، اس موقع پر شہر کے علماء و حفاظ کرام کی بڑی تعداد موجود تھی آخر میں صدر مجلس کی دُعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا-

 

متعلقہ خبریں

Back to top button