تلنگانہ

نظام آباد پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی امیدوار ڈی اروند ایک لاکھ 9ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب

نظام آباد:4 /جون(محمد یوسف الدین خان  ) نظام آباد لوک سبھا حلقہ میں پارلیمانی انتخابات میں ووٹوں کی آخری رائے شماری کاعمل پرامن طریقے سے اختتام کو پہنچا۔ پارلیمانی حلقہ کے آرمور، بودھن، نظام آباد اربن، نظام آبادرورل، بالکنڈہ، کورٹلہ اور جگتیال کے اسمبلی حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی آج سخت انتظامات کے درمیان ڈچپلی منڈل کے نڑپلی موضع میں کرسچن میڈیکل کالج(سی ایم سی)کالج میں کی گئی۔ ریٹرننگ آفیسر کی قیادت میں کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو، جگتیال کلکٹر یاسمین باشا، ایڈیشنل کلکٹر انکت، کرن کمار، میونسپل کارپوریشن کمشنرمندا مکراند، ٹرینی کلکٹر سنکیت کمار اور دیگر سینئر عہدیداروں نے رائے شماری کے عمل کی راست نگرانی کی۔ الیکشن کے جنرل مبصر ایلیس وجر اور للت کمار نے ووٹوں کی گنتی کا بغور جائزہ لیا۔

 

موثر انتظامات کے نتیجے میں ووٹوں کی گنتی بغیر کسی رکاوٹ کے بآسانی مکمل ہوئی۔رائے شماری کا آغاز صبح 5 بجے سے گنتی کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ انتخابی مبصرین، امیدواروں اور ان کے ایجنٹوں کی موجودگی میں، کلکٹر کی قیادت میں گنتی کے عملے کے ذریعہ تیسری رینڈمائزیشن کی گئی اور اس فہرست کے مطابق عملے کو متعلقہ ٹیبلس پر ووٹوں کی گنتی کے لئے تفویض کیا گیا۔ پہلے پوسٹل بیالٹ ووٹوں کی گنتی کے بعد، ای وی ایم میں درج ووٹوں کی گنتی کے بعدمرحلہ وار نتائج کا اعلان کیا گیا۔ پیشگی طور پر، ٹیبل کے حساب سے کاؤنٹنگ سپروائزر، معاونین، مائیکرو آبزرور اور ضروری عملے کا انتظام کیا گیا تھا تاکہ ای وی ایم کو اسٹرانگ رومس سے کاؤنٹنگ ہالس میں منتقل کیا جا سکے۔ الیکشن کمیشن کے قواعد پر سختی سے عمل آوری کرتے ہوئے اور ووٹوں کی گنتی کرکے نتائج کا اعلان کیا گیا۔

 

سہ پہر تین بجے پوسٹل بیالٹ کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے تحت آنے والے سات حلقوں کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوئی اور تمام نکات کی جانچ پڑتال کے بعد ریٹرننگ عہدیداران نے ہرراؤنڈکے نتائج کا اعلان کیا۔حلقہ پارلیمان نظام آباد سے کل 29 امیدواروں نے مقابلہ کیا اور ہر امیدوار کے لئے پولنگ ووٹوں کی تفصیلات کا اعلان کیا گیا۔ آرمور اسمبلی حلقہ کے لئے ووٹوں کی گنتی 13 راؤنڈ، بودھن 14 راؤنڈ، نظام آباد اربن 15 راؤنڈ، نظام آبادرورل 15 راؤنڈ، بالکنڈہ 14 راؤنڈ، کورٹلہ 15 راؤنڈز میں مکمل ہوئی۔ریٹرننگ آفیسر اور کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے جگتیا ل کے 15 راؤنڈ میں گنتی کے بعد حتمی نتائج کا باضابطہ اعلان کیا۔

 

ضلع کلکٹرنے کہاکہ موجودہ ایم پی دھرم پوری اروند، جنہوں نے بی جے پی امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا، پوسٹل بیالٹ سمیت کل 592318 ووٹ حاصل کیے، جب کہ دوسرے نمبر پر رہنے والے کانگریس امیدوار تاتی پرتھی جیون ریڈی کو 483077 ووٹ حاصل ہوئے۔ کلکٹر نے اعلان کیا کہ بی جے پی امیدوار اروند نے 109241 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس امیدوار کے طور پر مقابلہ کرنے والے باجی ریڈی گووردھن کو 102406 ووٹ حاصل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ NOTA کے لیے 4440 ووٹ پول ہوئے، کل 7780 پوسٹل بیالٹ ووٹوں میں سے 414 ووٹ مختلف وجوہات کی بنا پرمسترد ہوئے۔ مبصرین کی موجودگی میں کلکٹر نے نظام آباد پارلیمنٹ کے امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کرنے والے دھرم پوری اروند کو سرٹیفکیٹ حوالے کیا۔علاوہ ازیں ریٹرننگ آفیسر راجیو گاندھی ہنمنتو، پولس کمشنر کلمیشور اور دیگر سینئر عہدیداروں نے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک گنتی مرکز کرسچن میڈیکل کالج (سی ایم سی) میں موجود رہتے ہوئے راست نگرانی کی

 

۔ گنتی کے مرکز اور آس پاس کے علاقوں میں سخت پولیس نفری قائم کی گئی تھی اور دفعہ 144 کے امتناعی احکامات نافذ کیے گئے تھے۔ کسی اور کو گنتی مرکز کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ اگرچہ گنتی کے عملے کے ساتھ ساتھ مختلف ڈیوٹی انجام دینے والے عملے کو بھی داخلہ پاس جاری کیے گئے تھے، ان کی بھی اچھی طرح جانچ پڑتال کی گئی اور انہیں گنتی کے فرائض کے لیے بھیجا گیا۔ موبائل فون، ویڈیوز اور کیمرے ممنوع ہیں۔ کلکٹر کے حکم کے مطابق گنتی کے عمل کے دوران اے ڈی تھوٹا راج شیکھر کی قیادت میں ٹرانسکو عملہ نے بجلی کی فراہمی میں خلل ڈالے بغیر کارروائی کی۔

 

ضلعی انتظامیہ الیکشن کمیشن کے وضع کردہ ضابطوں کے مطابق ووٹوں کی گنتی کا عمل امیدواروں اور ان کے ایجنٹوں کی موجودگی میں مکمل کرنے میں کامیاب رہی اور پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کا عمل کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ ریٹرننگ آفیسر راجیو گاندھی ہنمنتو نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بغیر کسی رکاوٹ کے ضلع میں انتخابات کو آسانی سے منعقد کرانے میں مدد کی۔ انہوں نے انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے افسران اور عملے کی ستائش کی اور مبارکباد دی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button