80 ٹن وزنی ٹینکر کار پر الٹ گیا – ہائی کورٹ وکیل کار میں دب کر ہلاک

انسان کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ موت کس سمت سے آ پہنچے۔ بعض اوقات اپنی کوئی غلطی نہ ہونے کے باوجود دوسروں کی غلطی کی بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے۔ ایسا ہی ایک افسوسناک سڑک حادثہ آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے وکیل بودھولوری سرینواس راؤ (55) کی جان لے گیا۔
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہفتہ کی شام آندھرپردیش کے این ٹی آر ضلع کے کیسرہ ٹول پلازہ پر پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق، سرینواس راؤ کی کار ٹول بوتھ پر رکی ہوئی تھی کہ اسی دوران پیچھے سے تیز رفتار میں آنے والا سیمنٹ فلائی ایش سے لدا ایک لاری ٹینکر بے قابو ہوکر کار پر الٹ گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار مکمل طور پر لاری کے نیچے دب کر تباہ ہوگئی اور وکیل سرینواس راؤ ڈرائیونگ سیٹ پر ہی موقع پر دم توڑ گئے۔
تفصیلات کے مطابق، حیدرآباد کے یلاریڈی گوڑہ کے رہنے والے سرینواس راؤ، آندھرا پردیش ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے اپنی بی ایم ڈبلیو کار میں وجئے واڑہ آئے تھے۔ کام مکمل کرنے کے بعد وہ ہفتہ کی دوپہر حیدرآباد واپس روانہ ہوئے۔ شام تقریباً 4 بجے جب وہ کیسرہ ٹول پلازہ پہنچے تو تیسرے لین کے ٹول بوتھ کی جانب بڑھ رہے تھے۔ ان کے آگے ایک کار رکنے پر انہوں نے اپنی گاڑی بھی روک لی۔
اسی دوران اے پی 39 وی 9789 نمبر کا لاری ٹینکر، جو ابراہیم پٹنم کے وی ٹی پی ایس سے سیمنٹ فلائی ایش لے کر جگگیا پیٹ کی سیمنٹ فیکٹری جا رہا تھا، تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگیا۔ ڈرائیور، جو تمل ناڈو کا رہنے والا انتونی زیویئر بتایا جاتا ہے، ٹول پلازہ پر دوسرے اور تیسرے لین کے درمیان الجھن کا شکار ہوگیا اور گاڑی کو قابو میں نہ رکھ سکا۔
رفتار کم نہ ہونے کے باعث ٹینکر پہلے ڈیوائیڈر پر چڑھ گیا اور پھر سامنے موجود کنکریٹ کے ستون سے ٹکرا کر اچانک الٹ کر سرینواس راؤ کی کار پر جا گرا۔ تقریباً 70 سے 80 ٹن وزنی ٹینکر کے نیچے دب کر کار مکمل طور پر چکنا چور ہوگئی۔
حادثہ کے فوراً بعد ٹول پلازہ عملہ نے دو کرینوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا، تاہم ٹینکر کے بھاری وزن کے باعث مزید تین کرینیں طلب کی گئیں۔ اس کے باوجود پانچوں کرینیں ٹینکر کو اٹھانے میں ناکام رہیں اور خود بھی اوپر اٹھنے لگیں۔ بعد ازاں کرینوں کو نیچے رکھنے کے لیے ان پر لوگوں کو سوار کیا گیا، لیکن پھر بھی کامیابی نہ مل سکی۔
آخرکار پولیس نے ٹینکر کو ایک جانب ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ٹینکر کو ہٹایا گیا اور ملبے میں پھنسی کار سے سرینواس راؤ کی لاش نکال کر ایمبولینس کے ذریعے نندی گام سرکاری ہاسپٹل کے مردہ خانے منتقل کی گئی۔
پولیس نے ٹینکر ڈرائیور انتونی زیویئر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کمشنر ایس وی راج شیکھر بابو نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ ٹینکر سے ڈیزل رسنے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر تین فائر انجن بھی ٹول پلازہ پر تعینات کیے گئے۔



