جرائم و حادثات

کریمنگر میں راجیو رہداری پر چلتی کار میں آگ، بڑا حادثہ ٹل گیا

کریم نگر _ تلنگانہ کے کریم نگر میں راجیو رہداری پر واقع الگنورُو پل پر ایک کار اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ دورانِ سفر گاڑی میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں اچانک شعلے بھڑک اٹھے اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری کار جل کر خاکستر ہو گئی۔

 

واقعے کے وقت کار میں موجود افراد نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً گاڑی سے باہر چھلانگ لگا دی، جس کے باعث ایک بڑا جانی نقصان ٹل گیا۔ تاہم آگ لگنے کے باعث پل پر دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گیا۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ بعد ازاں جلی ہوئی گاڑی کو ہٹا کر راستہ صاف کیا گیا،

 

جس کے بعد ٹریفک کو رفتہ رفتہ بحال کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button