حیدرآباد کے ٹولی چوکی میں دلخراش حادثہ: زیرِ تعمیر عمارت سے گر کر تین مزدور ہلاک، دو زخمی
حیدرآباد کے علاقے ٹولی چوکی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں زیرِ تعمیر عمارت سے گرنے کے باعث تین مزدور ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدور عمارت کی پانچویں منزل پر تعمیراتی کام انجام دے رہے تھے۔ اچانک توازن بگڑنے اور پھسل جانے کے باعث وہ نیچے جا گرے جس کے نتیجہ میں تین مزدور موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو دیگر مزدور شدید زخمی ہو گئے۔
مقامی افراد اور ساتھی مزدوروں نے فوری طور پر زخمیوں کو قریبی دواخانہ منتقل کیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور ضروری کارروائی انجام دی۔
پولیس کے مطابق حادثہ میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع سریکاکولم سے بتایا جا رہا ہے جو روزگار کی غرض سے حیدرآباد آئے تھے اور مذکورہ زیرِ تعمیر عمارت میں مزدوری کر رہے تھے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری دواخانہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس اس بات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ آیا عمارت میں حفاظتی اقدامات مناسب تھے یا نہیں۔
مقامی افراد نے اس واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تعمیراتی مقامات پر مزدوروں کی حفاظت کے لئے سخت انتظامات کئے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔



