تلنگانہ ؛ کھمم ضلع کے مدیرا میں وقف ترمیمی بل کے خلاف زبردست احتجاج، تحصیلدار کو یادداشت پیش

وقف ترمیمی قانون کے خلاف تلنگانہ کے کھمم ضلع کے مدیرا ٹاؤن میں مسلمانوں کی جانب سے ایک زبردست احتجاجی ریالی منظم کی گئی۔ ریالی کے دوران شرکاء نے "وقف بچاؤ، دستور بچاؤ” جیسے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے بل کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین مختلف مقامات سے گزرتے ہوئے مدیرا تحصیل آفس پہنچے جہاں تحصیلدار کو ایک یادداشت پیش کی گئی۔
یادداشت میں کہا گیا کہ یہ ترمیمی قانون ملک کے آئین، دستور اور اقلیتی برادری، خصوصاً مسلمانوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، جسے فوری طور پر واپس لیا جانا چاہیے۔
اس موقع پر مولانا مجاہد اشاعتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "وقف ترمیمی بل سراسر آئین اور مسلمانوں کے حق میں نائنصافی ہے۔ مرکز کی بی جے پی حکومت ملک میں نفرت کا ماحول پیدا کرکے مسلمانوں کو حراساں کرنے کی ناپاک سازشوں میں مصروف ہے، لیکن ہم خاموش نہیں رہیں گے۔”
مولانا نے مزید کہا کہ "جب تک یہ کالا قانون واپس نہیں لیا جاتا، ہماری پرامن احتجاجی جدوجہد جاری رہے گی۔”
ریالی میں شہر کے مختلف مساجد کے ذمے داران، علماء کرام، دانشوران، سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس احتجاج کو عوامی سطح پر زبردست حمایت حاصل ہوئی۔