شدید گرمی کے باعث سام سنگ موبائل فون شرٹ کی جیب میں پھٹ گیا – سابق سرپنچ بال بال بچ گئے ؛ تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع میں واقعہ
کاماریڈی: تلنگانہ میں شدید گرمی کے درمیان ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا، جہاں ضلع کاماریڈی کے مغدوم پور گاؤں میں سابق سرپنچ چندر گوڑ کی شرٹ کی جیب میں رکھا سام سنگ موبائل فون اچانک زور دار آواز کے ساتھ پھٹ گیا۔ واقعہ کے وقت چندر گوڑ اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف تھے کہ اچانک جیب سے دھواں اٹھنے لگا اور فون میں دھماکہ ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق چندر گوڑ نے فوری طور پر صورتحال کو بھانپتے ہوئے پھرتی کا مظاہرہ کیا اور اپنی شرٹ کی جیب سے فون نکال دیا جس کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ تاہم فون مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ واقعہ کے بعد موقع پر موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں لوگ وہاں جمع ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدید گرمی اور زیادہ درجۂ حرارت کے باعث فون کی بیٹری میں خرابی پیدا ہونے کے نتیجے میں دھماکہ ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خوش قسمتی سے اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور سابق سرپنچ محفوظ رہے۔
ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں موبائل فون کو براہ راست دھوپ میں رکھنے سے گریز کریں اور بیٹری گرم محسوس ہونے کی صورت میں فوری احتیاطی اقدامات کریں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ واقعہ کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔




